جموں // وزیر خزانہ ڈاکٹر حسیب درابو نے اعلان کیا ہے کہ اگلے ایک ہفتے کے اندر ڈیلی ویجروں اور کیجول لیبروں کی باقاعدگی کے مرحلے کا حکم نامہ جاری کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ عارضی ملازمین کی ملازمتوں کو باقاعدہ بنانے سے متعلق جاری کئے جانے والے ایس آر ائو کی کاپیاں تمام سرکاری محکموں کو بھیج دی جائیں گی تاکہ مستقلی کا عمل جلد سے جلد شروع ہوکر مکمل کیا جاسکے ۔ وزیر خزانہ ڈاکٹر حسیب درابو نے کہا ہے کہ ریاست کی اسمبلی میں انہوں نے مختلف سرکاری محکموں میں کام کرنے والے عارضی ملازمین کی مستقلی کا وعدہ کیا تھا اور وہ اس وعدے پر قائم ہیں ۔ ڈاکٹر درابو کا کہنا تھا کہ عارضی ملازمین یعنی ڈیلی ویجروں اور کیجول لیبروں کی مستقلی کا عمل اگلے ایک ہفتے کے اندر شروع کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی کابینہ نے پہلے ہی ڈیلی ویجروں اورکیجول لیبروں کی ملازمتوں کو باقاعدہ بنائے جانے کو منظوری دے رکھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں اب ایک ایس آر ائو جاری کیا جائیگا ، جس کے تحت مختلف سرکاری محکموں میں طویل وقت سے کام کرنے والے عارضی ملازمین کی ملازمت باقاعدہ بن جائیگی ۔ نہوں نے مزید کہا کہ جب حکومتی سطح پر ایس آر ائو یا باضابطہ حکم نامہ جاری کیا جائیگا تو اس کی کاپیاں تمام سرکاری محکموں کو بھیج دی جائیں گی تاکہ وہاں کام کرنے والے ڈیلی ویجروں اورکیجول لیبروں کی ملازمتوں کو باقاعدہ بنانے کا محکمانہ عمل شروع کیا جاسکے ۔ خیال رہے رواں برس 23 اکتوبر کو وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی زیر صدارت ریاستی کابینہ کے ایک اجلاس میں کابینہ نے چیف سیکریٹری کی سربراہی والی کمیٹی کی جانب سے عارضی ملازمین کی مستقلی سے متعلق پیش کردہ رپورٹ کو منظور کیا تھا۔بتایا جاتا ہے کہ جموںوکشمیر میں مختلف سرکاری محکموں میں 61 ہزار سے زیادہ عارضی ملازمین بطور ڈیلی ویجر اور کیجول لیبر کام کر رہے ہیں اور ان میں سے بیشتر کی عارضی معیاد ملازمت 20 برس سے زیادہ ہے ۔