سرینگر//حاجی غلام محمد کو ایک مخلص سیاسی کار کن قرار دیتے ہوئے وزیر تعلیم سید محمد الطاف بخاری نے ان کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ مرحوم کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا جو انہوں نے اس علاقہ کے لوگوں کی حالت کو بہتر بنانے کے لئے سر انجام دی تھیں۔ پی ڈی پی کے وارڈ صدر رائولپورہ نذیر احمد ڈار کے والد85سالہ حاجی غلام محمد ڈار ایک تجربہ کار سیاسی لیڈر تھے ان کا شمار پی ڈی پی کے بانی مفتی محمد سعید کے ساتھیوں میں ہوتا تھا،وہ مختصر علالت کے بعد گزشتہ روزانتقال کر گئے ۔ الطاف بخاری نے راول پورہ اور گر دونواح کے لوگوں کی فلاح و بہبود اور ان کے مسائل کے حل کیلئے حاجی غلام محمد ڈار کی طرف سے کئے گئے کاموں کی ستائش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم ہمیشہ سماج کے پسماندہ طبقہ جات کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لئے کوشاں رہتے تھے۔ مرحوم کی وفات کو ایک ناقابل تلافی نقصان قرار دیتے ہوئے وزیر تعلیم نے کہا ہے کہ انہوں نے اپنا ایک معتمد ساتھی کھو دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم غریب دوست شخص تھے جو سماج کے ہر طبقہ میں یکساں مقبول تھے۔ انہوں نے پسماندگان کے ساتھ تعزیتی پرسی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر و ہ شخص جو ذاتی طور پر مرحوم کو جانتا تھا، ان کی وفات سے مغموم ہے ۔ الطاف بخاری کی ہدایت پر حلقہ انتخاب امیرا کدل کے پی ڈی پی کارکنان کا ایک وفد زونل صدر محمد اشرف ڈار کی قیادت میں مرحوم کی رہائش گاہ پر گیا اور غمزدہ کنبہ کی ڈھارس بندھائی۔