سرینگر //گریز اور نوگام سیکٹروں میں لائن آف کنٹرول پر برفانی تودوں کی زد میں آکر 3فوجی اہلکار اور ایک پورٹر کی ہلاکت کا خدشہ ہے جبکہ مزید 2فوجی لاپتہ ہیں۔ جن کے بارے میں بھی خدشہ ہے کہ دونوں اہلکار لقمہ اجل بن چکے ہیں۔دفاعی ذرائع کا کہنا ہے کہ بگتور ریز میں 36آر آر ایک کیمپ پر بھاری بھر کم برفانی تودا گرا جس کی زد میں آکر3فوجی اہلکاراور ایک پورٹر زندہ دفن ہوئے ہیں، جن ہلاکت کا خدشہ ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ابھی تک تینوں اہلکاروں کی لاشوں کو نہیں نکالا جاسکا ہے۔ لاپتہ اہلکاروں کی شنا خت لانس نائیک ایم این پرمانک ، رائفل مین شیو سنگھ اوررائفل مین مورتھی این کے بطور ہوئی ہے ۔ذرائع نے مزید بتایا کہ گریز کے ہی تلیل علاقے میں فوج کے 4پورٹر اگلی چوکی پر سامان لیجارہے تھے جس کے دوران وہ برفانی طوفان میں پھنس گئے اور ان میں سے ایک پورٹر غلام قادر ان ساکن کلشی تلیل پیر پھسلنے سے نیچے کھائی میں گرا جس سے اسکی موت واقع ہوئی تاہم اسکے 3ساتھی اپنے آپکو بچانے میں کامیاب ہوئے۔دریں اثناء فوج نے بدھ کوہائی آلٹی چیوڈوارفیراسکول کی بچائوٹیم کوبگتورگریزمیںلاپتہ ہوئے اہلکارو ں کوکھوجنے کیلئے روانہ کیا۔ذرائع نے کہا کہ نوگام سیکٹر کپوارہ میں 20ڈوگرہ رجمنٹ کی ایک چوکی پر برفانی تودا آگرا جس نے چوکی کو اپنے ساتھ نیچے لڑھک کر لیا۔اس واقعہ میں 2فوجی لاپتہ ہوگئے ہیں جن کے بارے میں بھی خدشہ ظار کیا جارہا ہے کہ وہ بھی لقمہ اجل بن چکے ہیں۔تاہم اس واقعہ کے دوران بھی لاپتہ فوجی اہلکاروں کی لاشیں بر آمد نہیں ہوسکی ہیں۔
برفباری
پیر پنچال کے آر پار تازہ برف باری اور بارشوں کے بیچ جموں سرینگر شاہراہ دوسرے روز جبکہ مغل روڑ سمیت دیگر بالائی علاقوں کی سڑکیں مسلسل تیسرت روز بھی بند رہیں۔ سرینگر ائر پورٹ سے متعدد پروازوں کی منسوخی کے باعث فضائی رابطہ بھی متاثرہوا۔محکمہ موسمیات نے جمعرات سے موسم میں تبدیلی ا امکان ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ میدانی اور کچھ بلائی علاقوں میں ہلکی برفباری اور ہلکی بارشیں ہوسکتی ہیں۔منگل اور بدھ کی درمیانی رات سے برف باری کا سلسلہ صبح 12بجے تک جاری رہا اور 12بجے کے بعدموسم میں بہتری دیکھنے کو ملی تاہم وادی کے بالائی اور میدانی علاقوں میں شام دیر گئے تک برف باری کا سلسلہ جاری تھا ۔بارہمولہ سے نمائندے فیاض بخاری نے اطلاع دی ہے کہ ضلع کے میدانی اور بالائی علاقوں میں بدھ کی دوپہر سے ایک مرتبہ پھر تازہ برف باری کا سلسلہ شروع ہوا ہے جو شام دیر گئے تک جاری تھا ۔گلمرگ میں کل ملا کر اڑھائی فٹ برف جمع ہو گئی ہے جبکہ ٹنگمرگ ، سوپور، رفیع آباد اور پٹن میں بھی ہلکے سے درمیانہ درجہ کی برف باری ہوئی ۔بانڈی پورہ سے نمائندے عازم جان نے بتایا کہ رازدان ٹاپ پر کل 2فٹ برف جمع ہو گئی ہے۔کپوارہ سے اشرف چراغ کے مطابق ضلع کے میدانی اور بالائی علاقوں میں تازہ بھاری برف باری بدھ کی شام تک جاری رہی نستہ چھن گلی (سادھنا ٹاپ) پر بدھ کی شام تک 2سے زائد ٖفٹ برف ریکارڈ کی گئی جبکہ زیڈ گلی پر اڑھائی اور فرکیاں ٹاپ پر دو فٹ کے قریب برف جمع ہوئی ہے ۔وسطی کشمیر کے گاندربل ضلع سے نمائندے ارشد احمد نے اطلاع دی ہے ضلع کے میدانی علاقوں میں تازہ 3انچ برف جمع ہوئی تھی تاہم دوپہر کے بعد موسم صاف رہا اس دوران سونہ مرگ میں تازہ تین انچ برف جمع ہوئی ہے اور اس سیاحتی مقام پر کل 2فٹ برف جمع ہے جبکہ زوجیلا ، میں اڑھائی فٹ ، منی مرگ ،گومری میں اڑھائی فٹ برف جمع ہے ۔بڈگام سے نمائندے نے اطلاع دی ہے چرار شریف ،کھاگ ، خانصاحب ، بونی کوٹ بل ،آری زان اور زوگو علاقوں میں 5سے 6انچ جبکہ یوس مرگ ، دودھ پتھری ، توسہ میدان ، سیت ہارن میں 2سے 3فٹ برف جمع ہے ۔
بانہال
محمد تسکین نے اطلاع دی ہے کہ تین سو کلو میٹر طویل سرینگر جموں شاہراہ دوسرے دن بھی مسلسل بند رہی۔ شاہراہ کے مختلف مقامات پر مسلسل بارشوں کی وجہ سے پسیاں گر آئی ہیں۔ رام بن اور بانہال کے بیچ درماندہ ہوئی 1سو کے قریب گاڑیوں کو اگرچہ بدھ کی دوپہر آمد ورفت کیلئے بحال کر دیا گیا تھا تاہم دوپہر کے بعد پنتھال ،ماروگ ، ڈبگ ڈول میں تازہ پسیاں گر آئیں ۔
ہوائی سروس
سرینگر سے دوپہر کے بعد 13 پروازوں نے اڑان بھری ہے جبکہ سرینگر سے دلی ،ممبی اور دیگر ریاستوں کو جانے والی 8پروازیں صبح کے وقت روشنی کی کمی کی وجہ سے اڑانیں نہیں بھر سکیں ۔