سرینگر//نیشنل کانفرنس کے لیڈر تنویر صادق نے کل حلقہ انتخاب جڈی بل کے درجنوں علاقوں کا دورہ کیاجس دوران لوگوں نے انہیں بتایا کہ امسال عوام کو کوئی بھی سہولت میسر نہیں ہے، نہ بجلی ہے نہ پانی ، راشن کی سپلائی بھی غیر معقو ل ہے جبکہ صحت و صفائی بھی برائے نام ہے۔ جڈی بل، سعیدہ پورہ نوشہرہ ، نالہ بل ، زینی مر، لرکھری پورہ، لال بازار اور مخدوم پورہ ، مدین صاحب کے علاوہ کئی علاقوں کے دورے کے دوران لوگوں نے انہیں جگہ جگہ بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کی شکایت کی۔ تنویر صادق نے حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ پی ڈی پی کے وزراء اور ممبرانِ اسمبلی نے وادی کے عوام کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی کے وزراء ہر جگہ صرف فوٹو سیشن کرانے آتے ہیں لیکن عملی طور پر کام کروانے سے قاصر ہے۔ انہوں نے انتظامیہ پر زور دیا کہ عوام کو ضروری سہولیات رکھی جائیں۔