سرینگر//ریاست کے سب سے بڑے مالیاتی ادارے جموں کشمیر بنک نے میڈیا کیلئے’’صحافت فائنانس‘‘ نامی اسکیم کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بنک کا مشن ہر ایک طبقے کو مالیاتی طور پر خود اختیار بنانا ہے۔جموں کشمیر بنک کے تجارتی ہیڈ کواٹر ڈلگیٹ سرینگر میں ایک تقریب کے دوران بنک کے چیف ایگزیکٹو افسر اور چیئرمین پرویز احمد نے جمعرات کو اس مالیاتی خصوصی اسکیم کو منظر عام پر لایا۔ اس موقعہ پر پرویز احمد نے کہا کہ صحافی اپنی زندگی خطرے میں ڈال کر پیشہ وارانہ سرگرمیاں انجام دیتے ہیں،اور سماج کے ہر ایک طبقے کو جموں کشمیر بنک کی طرف سے تعاون دینے کے مشن میں ایک اہم کڑی جڑ گئی ہے۔انہوں نے کہا ’’ میڈیا نے ہمیشہ جموں کشمیر بنک کو تعاون دیا ہے،اور وقت وقت پر اپنے مشاورات سے بھی نوازا ہے‘‘۔ انہوں نے اس اسکیم کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے نامہ نگاروں کو بتایا کہ جموںوکشمیر بینک سے آسان شرح سود پر 50 ہزار روپے سے لے کر 3 لاکھ روپے تک کا قرضہ لے سکتے ہیں ۔ انہوں نے نامہ نگاروں کو مزید بتایا کہ ریاست میں صحافت کا سماجی ، سیاسی اور اقتصادی سطح پر اہم رول ہے اور جموںوکشمیر بینک نے اسی بات کو مد نظر رکھتے ہوئے مقامی صحافیوں کو مالی معاونت فراہم کرنے کا فیصلہ لیا ۔اس منفرد سکیم کا مقصد میڈیا افراد کو آسان فائنانس اور ہنگامی وقت میں پیشہ ورانہ ضرورتوں کے وقت مالی ضروریات کو پورا کرنا ہے ۔زیادہ سے زیادہ3لاکھ روپے جس کی ادائیگی60مساوی قسطوں میں ہوگی ،کو ٹرم لون کی صورت میں کیمرہ،ٹیبلٹ ،لیپ ٹاپ وغیرہ کی خرید کیلئے دیا جائے گا اور اس کیلئے نقد قرضہ (کیش کریڈٹ) سہولیت بھی مہیا رکھی جائے گی ،کم سے سکم شرح سود پر یہ سکیم 4لاکھ روپے کا انشورنس احاطہ بھی فراہم کرتا ہے جس کیلئے سالانہ پریمیم 342روپے قرضہ خواہ کے ذریعے برداشت کیا جائے گا۔