سرینگر // نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر ناصر اسلم وانی نے کل پارٹی ہیڈکوارٹر پر ضلع سرینگر کی 8نشستوں کے عہدیداران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرینگر سے 5ایم ایل اے ہونے کے باوجود موجودہ پی ڈی پی حکومت نے شہر سرینگر کو یکسر نظر انداز کر رکھا ہے۔ شہر سرینگر کے لوگوں کو زبانی جمع خرچ سے بہلایا اور پھسلایا جارہا ہے، کبھی سمارٹ سٹی تو کبھی اور کوئی شوشہ پھیلایا جارہا ہے لیکن زمینی سطح پر کچھ نہیں ہورہا ہے۔ راشن کی قلت، بجلی کی نایابی اور پانی کی ہاہاکار کو حکومتی نااہلی اور غیر سنجیدگی کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے ناصر اسلم نے کہا ہے کہ سرما کے ایام میں بھی لوگ بنیادی ضروریاتِ زندگی سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف لوگ بنیادی ضروریات کیلئے ترس رہے ہیں جبکہ دوسری جانب حکومت ذرائع ابلاغ میں سب کو ٹھیک جتلا کر بلند بانگ دعوے کررہی ہے اور لوگوں کو بڑی بڑی میٹنگوں کے انعقاد کی تصویریں اور فلمیں دکھائی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری وادی میں اس وقت بجلی کی قلت کا سامنا ہے لیکن حکمران ٹس سے مس نہیں ہورہے ہیں۔ اجلاس میں پارٹی لیڈران شمیمہ فردوس، عرفان احمد شاہ، پیر آفاق احمد، شوکت احمد میر، سلمان علی ساگر، صبیہ قادری، احسان پردیسی،بلاک صدور، خواتین اور یوتھ ونگ کے عہدیداران بھی موجو دتھے۔