بجبہاڑہ// ملک عبدالسلام //بجبہاڑہ میں ایک ٹاٹا مسافرگاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر اُلٹ گئی جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوااور اس میں سوار11مسافر زخمی ہوئے جن میں سے5کو شدید چوٹیں آئیں،جنہیں بعد میں سرینگر منتقل کیا گیا۔اطلاع کے مطابق جمعرات کی صبح ضلع میں ایک المناک سڑک حادثہ پیش آیا جس دوران کھرم سے ضلع ہیڈکوارٹرکی طرف جارہی ایک ٹاٹا میٹاڈارزیر نمبر JK03AB/4077گنتالی پورہ کے نزدیک ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوا اور سڑک کے کنارے سے لڑھک کر اُلٹ گیا۔حادثے میں زخمی ہونے والے ایک مسافر نے اسپتال میں بتاےا کہ ایک موڑ کے قریب ڈرائیور گاڑی پر اپنا قابو کھو بےٹھا ۔حادثے کی خبر ملتے ہی مقامی لوگوں کے ساتھ ساتھ پولیس اور فورسز کے دستے جائے واردات پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنے کی کارروائی شروع کی ۔اس واقعہ میں گاڑی میں سوار12مسافر زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر سب ضلع اسپتال بجبہاڑہ منتقل کیا گیا۔یہاں گاڑی کا22سالہ کنڈیکٹر عاقب حسین بٹ ولد محمد یوسف ساکن وپزن بجبہاڑہ کچھ دیر تک موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا۔سب ڈسٹرکٹ اسپتال بجبہاڑہ میں تعینات ایک ڈاکٹر نے کے ایم این کو بتایا کہ زخمیوں میں شامل3مسافروں کو شدید چوٹیں آئی ہیں اور انہیں مزید علاج و معالجہ کےلئے سرینگر منتقل کیا گیا جبکہ دیگر8زخمیوں کا علاج اسی اسپتال میں کیا گیا۔معلوم ہوا ہے کہ طبی و قانونی لوازمات کی ادائیگی کے بعد جب حادثے میں جاں بحق ہوئے کنڈیکٹرکی میت لواحقین کے سپرد کی گئی تو علاقے میں صف ماتم بچھ گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی نسبت کیس درج کرلیا گیا ہے اور حادثے کی وجوہات کا پتہ لگانے کےلئے چھان بین جاری ہے۔