سرینگر//مرہامہ بجبہاڑہ میں ایک سال قبل فورسز کے ساتھ جھڑپ میں جاں بحق ہوئے حزب المجاہدین کے ایک مقامی جنگجو کی پہلی برسی کے موقع پر مکمل ہڑتال کی وجہ سے معمول کی زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی جس دوران جنگجو کے مزار پر اجتماعی فاتحہ خوانی کا اہتمام کیا گیا۔کے ایم این کے مطابق سال2016میں آج ہی کے روز سری گفوارہ بجبہاڑہ کے بیوورہ نامی علاقے میں ایک میوہ باغ کے اندر گھات لگاکر بیٹھے فورسز اہلکاروں کے ساتھ گولیوں کے مختصر تبادلے کے بعد سمیر احمد ڈار عرف باسط ولد غلام رسول ڈار ساکن مرہامہ سنگم بجبہاڑہ جاں بحق ہوا۔باسط اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی(IUST) اونتی پورہ میں بی ٹیک کا طالب علم تھا ۔ جمعرات کو باسط کی پہلی برسی کے موقع پربجبہاڑہ کے مرہامہ اور دیگر ملحقہ علاقہ جات میں مکمل ہڑتال کی گئی۔حالانکہ ہڑتال کی کسی نے کال نہیں دی تھی لیکن اس کے باوجود علاقے میں دکانیں اور کاروباری ادارے بند رہنے کے ساتھ ساتھ گاڑیوں کی نقل و حرکت بھی معطل رہی۔اس دوران باسط کے مقبرے پر دعائیہ مجالس کا سلسلہ صبح سویرے شروع ہونے کے بعد دن بھر جاری رہا جبکہ اس کے حق میں اجتماعی فاتحہ خوانی کا اہتمام بھی کیا گیا۔لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے باسط کے گھر جاکر اس کے لواحقین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔