سرینگر //سرد ترین دنوں پر مشتمل ’’چلہ کلان‘‘ کی آمد کو اگرچہ ابھی 6دن باقی ہیں تاہم اس سے قبل ہی اہل وادی شدید ترین شبانہ سردی کی لپیٹ میں ہیں اور کم سے کم درجہ حرارت میں مسلسل گراوٹ آرہی ہے ۔وادی میں جمعہ کو موسم قدرے بہتر رہا اور دن میں ہلکی دھوپ بھی نکلی تاہم رات کا درجہ حرارت بتدریج کم ہوتا جارہا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق14اور15دسمبر کی درمیانی شب سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی0.1ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔ لداخ کا کرگل علاقہ سر د ترین ثابت ہوا جہاںرات کا کم سے کم درجہ حرارت منفی10.2ڈگری سیلشیس ریکارڈ کیا گیا جبکہ لیہہ کا شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے5.7ڈگری نیچے رہا۔محکمہ موسمیات کے مطابق گلمرگ میں رات کا کم سے کم درجہ حرارت نقطہ انجماد سے 10 ڈگری نیچے رہا ۔یہ گلمرگ میںدسمبر کے مہینے میں گزشتہ دس سال کے دوران ریکارڈ کیا گیا سب سے کم درجہ حرارت تھا۔اس سے قبل 15 دسمبر 2007 کو کم سے کم درجہ حرارت منفی 10.1ریکارڈ کیا گیا تھا۔ جنوبی کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی7.1ڈگری سیلشیس رہا اور یہ پہلگام میں گزشتہ دو برسوں کے دوران دسمبر کی سرد ترین رات بھی تھی۔