سرینگر//عوامی مطالبے کو مد نظر رکھتے ہوئے ڈائریکٹوریٹ آف سکول ایجوکیشن کشمیرنے کشمیر صوبہ میں تسلیم شدہ پرائیویٹ تعلیمی اداروں کی طرف سے اصلاحی ( رمیڈئیل ) کلاسز منعقد کرانے کی اجازت دی ہے۔ناظم تعلیم کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو نے کہا ہے کہ یہ تعلیمی ادارے سرمائی تعطیلات کے دوران کچھ شرائط کے تحت اصلاحی تدریسی کلاسوں کا انعقاد کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ تعلیمی ادارے ان کلاسوں کا انعقاد رضاکارانہ طور پر کر سکتے ہیں تاہم اس میں طلاب اور والدین کی رضامندی لازمی ہے۔انہوںنے کہا کہ کسی بھی صورت میں طلباء سے ان کلاسوں کی خاطر اضافی فیس وصول نہیں کی جانی چاہئیں ۔ڈاکٹر ایتو نے کہا کہ ان تعلیمی اداروں کو گرمی کا معقول انتظام کرنا ہوگا جس کے لئے وہ پورے سرمائی سیشن کے لئے آٹھویں جماعت تک کے بچوں سے 300روپے جبکہ نویں سے بارہویں جماعت تک کے بچوں سے فی کس 400روپے بطور ہیٹنگ چارجز حاصل کرسکتے ہیں۔انہوںنے مزید کہا کہ یہ اصلاحی کلاس صبح ساڑھے 10بجے سے لے کر ساڑھے تین بجے تک منعقد کرائے جاسکتے ہیں۔دریں اثنا ناظم سکولی تعلیم کشمیر نے 21پرائیویٹ تعلیمی اداروں کو پانچویں جماعت تک جبکہ آئندہ سالوں کے لئے آٹھویں جماعت تک کلاس چلانے کی اجازت دی ہے ۔ یہ فیصلہ ڈی ایس ای کی طرف سے قائم کردہ کمیٹی کی سفارشات کے تناظر میں اٹھایا گیا ہے۔