جموں / حکومت نے جموں صوبے سے تعلق رکھنے والے 493 اہل رہبر تعلیم اساتذہ کی نوکریوں کو باقاعدہ بنایا ہے۔اس سلسلے میں وزیر تعلیم سید محمد الطاف بخاری اور تعلیم کی وزیر مملکت پریا سیٹھی نے ایک تقریب کے دوران ان اساتذہ مستقلی کے آڈر تقسیم کئے۔اس طرح جموں صوبے میں اس سال اب تک 1193 رہبر تعلیم اساتذہ نوکریوں کو باقاعدہ بنایا گیا ہے۔سیکرٹری تعلیم فاروق احمد شاہ ، چیئرمین بی او ایس ای وینا پنڈتا، ناظم تعلیم جموں رویندر سنگھ کے علاوہ کئی دیگر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر تعلیم نے ان اصلاحات کا تفصیل سے ذکر کیا جو موجودہ حکومت سرکاری تعلیمی اداروں میں تعلیمی معیار میں بہتر لانے کے لئے کر رہی ہے ۔ انہوںنے اعلان کیا کہ سبکدوش ہوئے اساتذہ ، پرنسپلوں ، ہیڈ ماسٹروں اور دیگر متعلقین کے مسائل حل کرنے کے لئے کشمیر اور جموں ڈائریکٹوریٹس میں باضابطہ طور سے نوڈل افسر کا دفتر قائم کیا جائے گا۔وزیر نے کہا کہ حکومت پولیس محکمہ کی طرز پر ٹیچرس ویلفیئر فنڈ قائم کرنا کا ارادہ رکھتی ہے۔ انہوںنے کہا کہ اس ضمن میں متعلقین کو پہلے ہی ہدایات جاری کئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت اساتذہ برادری کے وقار کو بلند کرنے کی طرف خصوصی توجہ دے رہی ہے۔انہوں نے مستقل ہوئے اساتذہ کو مبارکباد دیتے ہوئے ان پر زور دیا کہ وہ مزید تند ہی اور لگن کے ساتھ بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کریں۔وزیر مملکت پریاسیٹھی نے کہا کہ حکومت اساتذہ کے مسائل کو حل کرنے کے لئے سنجیدہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ کو سماج میں مثبت تبدیلی لانے میں اپنا رول ادا کرنا چاہیئے۔سیکرٹری تعلیم فاروق احمد شاہ نے محکمہ کے کام کاج اور اصلاحی اقدامات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔