ریاسی//جموں و کشمیرنیشنل کانفرنس ضلع ریاسی کی طرف سے ریاسی میں ایک پبلک میٹنگ زیر صدارت بابوجگ جیون لعل ضلع صدر ریاسی منعقد ہوئی جس میں نیشنل کانفرنس کے ایڈیشنل جنرل سیکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفٰی نے بطور مہمان خصوصی شمولیت کی۔ اس موقعہ پر رتن لعل گپتا نائب صدر این سی، بابو رام پال، سابق وزیر ایوب ملک نائب صدر جموں، پردیپ بالی جائنٹ سیکریٹری جموں وغیرہ نے بھی شمولیت کی۔ اس پبلک میٹنگ کو طارق بٹ ضلع سیکریٹری نیشنل کانفرنس نے آرگنائز کیا تھا۔اس موقعہ پر مصطفٰی کمال نے کہا کہ نیشنل کانفرنس ایک تاریخ ہی نہیں بلکہ ایک تحریک ہے یہ وہ جماعت ہے کہ جس نے لاتعداد قربانیاں دے کر شخصی نظام کو ختم کر کے چک داری خاتمہ جاگیرداری ختم کر کے عام غریب اور کاشت کارلوگوں کو زمینوں کا مالک بنایا تھا۔ اس جماعت کے خلاف آئے دن سازشیں ہوتی رہتی ہیں مگر ریاست کی عوام ہی ان سازشوں کو ناکام بنا دیتی ہے۔ کمال نے کہا کہ آج ریاست ایک خطر ناک موڑ پر کھڑی کر دی گئی ہے ہر طرف تباہی اور بربادی ،قتل و غارت ،لوٹ مار، آبرویزی کی خبریں آرہی ہیں۔ گوجربکروال لوگوں کو جنگلوں سے کھدھیڑا جا رہا ہے ان کے بھیڑ بکریاں بھوکوں مر رہی ہیں، مقامی زمیندار لوگ اپنے مویشیوں کو چرانے کے لئے جنگلوں میں نہیں بھیج سکتے ہیں، راشن کی سپلائی تقریباً نہ کے برابر ہے مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے نوٹ بندی اورGSTنے قوم کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ ریاستی کٹرہ سے کشمیر جانے والی ریل لائین صرف لوٹ کا ذریعہ بن چکی ہے ریاسی کے ہسپتال میں ڈاکٹر اوردوائیاں نہیں ہیں ریاسی کے پرانے ہسپتال ڈنگروں کا تبیلہ بنا دیا گیا ہے اور لوگوں کی مانگ مطابق CHCکا درجہ نہیں دیا جا رہا ہے۔ موضع جڑھ میں ایجوکیشن یونیورسٹی کا کام بند کر دیا ہے اور مخلوط سرکار کہتی ہے کہ بہت کام ہو رہے ہیں۔ کمال نے کہا کہ اننت ناگ پارلیمنٹ کی سیٹ پر یہ الیکشن کروانے سے ڈر رہی ہے اور اب پنچایت کی الیکشن کرانے کی خواہش کر رہی ہے، ہمارے ورکروں کو ہر وقت تیار رہنا ہوگا چاہیے کوئی بھی الیکشن سرکار کروالے اس موقعہ پر کانگریس و بی ایس پی کے متعدد کارکنوں نے نیشنل کانفرنس میں شمولیت کی اور کمال نے ان کا خیر مقدم کیا اور چوہدری محمد صادق کالس کو گوجر بکروال سیل کا ضلع صدر بھی نامزد کیا گیا۔ اس موقع پر راج کمار شرما ،کیپٹن رام لعل،چرن داس،بیلی رام،رتن لعل بھگت،غلام نبی ملک،امتیاز وانی وغیرہ بھی موجود تھے۔