سرینگر // محکمہ بجلی کا کہنا ہے کہ انہوں نے عملی طور پرکٹوٹی شیڈول تیار ہے اور اُسے جلدمنظر عام پر لایا جائے گا جس کے بعد وادی کے عوام کو شیڈول کے مطابق بجلی فراہم کی جائے گی ۔ پاور ڈولپمنٹ کمشنر اصغر علیٰ مجاز نے پانچ روز قبل کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے یہ یقین دہانی کرائی تھی کہ محکمہ 2 روز میں نئے شیڈول کو مرتب کر کے لوگوں کو شیڈول کے مطابق بجلی فراہم کرے گا اور اسے مشتہر بھی کیا جائیگا۔ اگرچہ پانچ روز ہو گئے ہیں لیکن دیر سے ہی سہی محکمہ نے بجلی کا کٹوتی شیڈول تیار کر لیا ہے اور تمام گرڈسٹیشنوں اور ترسیلی لائنوں کی صلاحت کے مطابق محکمہ اب لوگوں کو بجلی فراہم کرنے جا رہا ہے ۔معلوم رہے کہ پاور ڈولپمنٹ کمشنر نے ماتحت عملہ کو ہدایت دی تھی کہ وہ گرڈسٹیشنوں اور ترسیلی لائنوں کی صلاحت کے مطابق ایک ایسا شیڈول تیار کریں جس کے تحت لوگوں کو بجلی فراہم کی جائے جس کے بعد محکمہ کے عملہ نے کام شروع کیا اور ایک نیا شیڈول تیار کیا ہے ۔ معلوم رہے وادی میں موسم سرما کے باوجود طویل وقت کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ پورے جوبن پر ہے اور شہر کے اکثر علاقوں میں رات 10بجے سے 12بجے تک بجلی 2گھنٹوں کیلئے بند کر دی جاتی ہے جبکہ دن میں بھی بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہتا ہے اور دن میں 6گھنٹے بجلی بند رہتی ہے ۔جبکہ وادی کے اطراف واکناف میں لوگوں کو ستمبر سے بغیر شیڈول کے من مانے طریقے سے بجلی فراہم کی جا رہی ہے جس سے لوگ سخت پریشانی میں مبتلا ہیں۔اسی طرح نان میٹر والے علاقوں کے ساتھ ساتھ میٹر والے علاقوں میں بھی بجلی کئی کئی گھنٹوں کیلئے بند رہتی ہے جس سے عام صافین کے ساتھ ساتھ طلاب اور تاجر بھی پریشان ہیں ۔پاور ڈولپمنٹ کمشنر یقین دلایا ہے کہ آج یا کل شیڈول کو اخبارات میں مشتہر کیا جائے گا اور اس کے بعد لوگوں کو شیڈول کے مطابق بجلی ملے گی۔