نئی دہلی //ریاستی گورنر این این ووہرا اور مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کے درمیان یہاں ریاست کے کئی امور پر بات چیت ہوئی۔گورنر ، جو ان دنوں راجدھانی میں مقیم تھے، نے اتوار کو جموں واپسی کے پیش نظر راجناتھ سنگھ سے ملاقات کی۔وزارت داخلہ کے ایک آفیسر نے کہا کہ دونوں کے درمیان 20منٹ تک میٹنگ ہوئی جس میں سیکورٹی صورتحال اور کچھ عرصہ سے قدرے بہتر صورتحال قائم ہونے کے بارے میں تبادلہ خیال ہوا۔اسکے علاوہ لائن آف کنٹرول اور فائر بندی کی لگاتار خلاف ورزیوں پر بھی بات چیت ہوئی۔مذکورہ آفیسر نے کہا کہ وزیر داخلہ کی تجویز پر ریاستی سرکار نے پہلی بار سنگبازی میں ملوث نوجوانوں کے کیس واپس لینے کا اعلان کیا جس اقدام کی عوامی حلقوں نے کافی پذیرائی کی۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ مرکزی سرکار کے اقدام کے تحت مذاکراتکار دنیشور شرما نے وادی کا دو مرتبہ دورہ کیا ہے تاکہ وادی میں امن قائم کرنے کیلئے اقدامات کو بروئے کار لایا جاسکے۔