سرینگر//کشمیر نیورسٹی کی طرف سے امتحانات میں تاخیر کے خلاف کالج طلاب نے پریس کالونی سرینگر میں احتجاج کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ دانستہ طور پر انکا قیمتی وقت ضائع کر کے مستقبل کو تاریک بنانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ایس پی کالج سرینگر کے علاوہ جنوبی کشمیر کے ڈگری کالج اسلام آباد(اننت ناگ) و پلوامہ میں زیر تعلیم طلاب سنیچر کو پریس کالونی میں جمع ہوئے اور یونیورسٹی انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی۔ گریجویشن کے تیسرے سمسٹر میں زیر تعلیم ان طلاب نے ہاتھوں میں پلے کارڑ اٹھاکھے تھے،جن پر’’ہمارا قیمتی ایک سال ضائع نہ کر،اور ہمارا مستقبل بچائو‘‘ کے نعرے درج تھے۔تینوں اضلاع کے بی ایس اے طلاب نے یونیورسٹی منتظمین پر انکے بروقت امتحانات لینے میں ناکام ہونے کا الزام عائد کیا۔مظاہرے میں شامل ایک طالبہ نے کہا’’ہم چاہتے ہیں کہ یونیورسٹی منتظمین پہلے3سمسٹروں کے نتائج ظاہر کریںتاکہ اگر کوئی طلاب ناکام ہوا ہے،تو اس کو اگلے سمسٹر میں جانے سے قبل اس بات کا پتہ چلیں‘‘۔انہوں نے کہا کہ طلاب کو آگے سمسٹر میں منتقل کیا جا رہا ہے ،اور پچھلے نتائج کے بارے میں کچھ علمیت نہیں ہوتی ہے جبکہ یہ بات بھی معلوم نہیں کہ ہم نے پچھلے امتحان میں کامیابی حاصل کی ہے،یا ناکام ہوئے ہیں۔احتجاجی طلاب نے دھمکی دی کہ اگر انکے مطالبات کو پورا نہیں کیا گیا تو وہ پھرسڑکوں پر آکر احتجاج کرینگے۔