کشتواڑ//موجودہ مخلوط سرکار کو عوام مخالف اور غریب کش قرار دیتے ہوئے سینئر نیشنل کانفرنس لیڈر اور سابق وزیر سجاد احمد کچلو نے آج کہا کہ سیاسی سمت نہ ہونے اور انتظامی خلا کے نتیجہ میں لوگوں کے مسائل میں پچھلے تین سال کے دوران کئی گنا اضافہ ہو چکا ہے ۔ پریس کے لئے جاری ایک ریلیز کے مطابق یہاں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کچلو نے کہا کہ پی ڈی پی بی جے پی سرکار نے لوگوں کو پشت بہ دیوار کر دیا ہے ، بے روزگاری اور مہنگائی میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے ، ترقیاتی سرگرمیاں ٹھپ ہو کر رہ گئی ہیں۔ یہ تقریب علاقہ د چھن کے متعدد سیاسی کارکنوں کی نیشنل کانفرنس میں شمولیت کے سلسلہ میں منعقد کی گئی تھی، جن کارکنوں نے این سی کا دامن تھاما ان میں رگھوناتھ ٹھاکرریٹائرڈ رینجر لوپارا دچھن، کانشی رام ریٹائرڈ سب انسپکٹر سوندر دچھن، منشی رام کبر دچھن، کلبیرمنیجر سنگھ سوندرخصوصیت سے قابل ذکر ہیں۔ نئے کارکنوں کا پارٹی میں خیر مقدم کرتے ہوئے سجاد کچلو نے توقع ظاہر کی کہ ان کی شمولیت سے علاقہ میں نیشنل کانفرنس کو مزید تقویت ملے گی۔ انہوں نے لوگوں کو درپیش مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ لوگوںکو راشن، پینے کے پانی اور بجلی جیسی بنیادی سہولیات نہیں مل رہی ہیں، سڑکوں کی حالت بد سے بد تر ہو گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بالخصوص مڑواہ، دچھن، واڑون جیسے علاقوں میں لوگوں کی زندگی قابل رحم بن کر رہ گئی ہے ۔ مفتی محمد سعید فوڈ ایٹائٹلمنٹ اسکیم صرف دکھائوے کے لئے ہے کیوں کہ لوگوں کو مہنگے داموں اوپن مارکٹ سے راشن خرید ناپڑ رہا ہے ۔کچلو نے کہا کہ سرکار نے جس زور و شور سے ہیلی کاپٹر سروس کو متعارف کروایا تھا وہ عام لوگوں کیلئے فضول مشق ثابت ہوئی ہے کیوں کہ غریب مسافر 4000روپے فی سواری یکطرفہ کرایہ ادا کرنے کی سکت نہیں رکھتے ، انہوں نے کشتواڑ سے جموں کا کرایہ 2000روپے مقرر کرنے کی بھی مانگ کی۔ سابق وزیر نے کہا کہ عمر عبداللہ کے دور حکومت میں شروع کی گئی متعد د اسکیموں کو بند کر دیا گیا ہے جس میں رورل الیکٹریفکیشن بھی شامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اپنی عوام مخالف پالیسیوں کی بدولت پی ڈی پی اور بی جے پی کے ورکروں میں بے چینی پائی جاتی ہے جس کے نتیجہ میں بھاری تعداد میں یہ ورکر نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کارکنوں کو یقین دلایا کہ ان کے تمام مسائل آئندہ دو جنوری سے شروع ہونے والے بجٹ اجلاس میں اٹھائے جائیں گے۔ اس موقعہ پر امتیاز احمد زرگر، آصف قاضی، کرتار سنگھ محمد شریف کیلم، غلام علی سابق سرپنچ بھی موجود تھے۔