سرینگر//جنگلات اور ماحولیات و پشو پالن کے وزیر مملکت میر ظہور احمد نے کل کرالہ سنگری میں موجود پودوں کی نرسری کا دورہ کر کے اس کے کام کاج کا جائیزہ لیا ۔ کئی ترقیاتی کاموں کا جائیزہ لینے کے دوران وزیر نے افسروں پر زور دیا کہ وہ ان کاموں میں سرعت لائیں ۔ وزیر نے محکمہ جنگلات کے افسروں پر زور دیا کہ وہ خطے کے تباہ شدہ جنگلاتی اراضی پر بڑے پیمانے پر شجر کاری کی مہم شروع کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیات کو تحفظ دینے کیلئے عوام کو بھی شراکت دار بنایا جانا چاہئیے ۔ علاوہ ازیں جنگلوں کو نقصان پہنچانے والے عناصر پر کڑی نظر گذر رکھی جانی چاہئیے ۔ اس سے پہلے وزیر نے محکمہ جنگلات اور ایس ایف سی کے افسروں کی ایک میٹنگ کے دوران وادی میں تعمیراتی لکڑی اور بالن کی سپلائی پوزیشن کا بھی جائیزہ لیا ۔ اس موقعہ پر انہیں بتایا گیا کہ سرینگر ضلع کی 1180 مساجد میں 40 ہزار کوئنٹل بالن تقسیم کیا گیا ۔ علاوہ ازیں دیہی علاقوں میں موجود مساجد کے حق میں اب تک 80 فیصد بالن سپلائی کیا جا چکا ہے ۔ سی سی ایف کشمیر نثار احمد درجی نے محکمہ کی سرگرمیوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی ۔ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے افسروں سے کہا کہ وہ اہداف حاصل کرنے کیلئے مزید تندہی اور لگن کے ساتھ کام کریں ۔