شوپیان//شوپیان کے نصف درجن سے زیادہ دیہات کاکریک ڈائون کرکے فوج ،فورسز،پولیس اورٹاسک فورس اہلکاروں نے ٹھٹھرتی سردی میں تلاشی کارروائی عمل میں لائی ۔گھرگھرتلاشی کارروائی کے دوران مکینوں اورمہانوں سے پوچھ تاچھ کی گئی تاہم کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ۔اس دوران فوج اورپولیس نے چندرگیرحاجن میں ایک گائوخانے سے اسلحہ وگولہ بارودبرآمدکیا۔ جنگجوئوں کی تلاش میں 62 آر آر اور 34 آر آر کے علاوہ سی آر پی ایف کی مختلف بٹالینوں ، ریاستی پولیس اور اس کی ٹاسک فورس ونگ سے وابستہ سینکڑوں اہلکاروں نے سوموار کے روز پہاڑی ضلع شوپیاں کے نصف درجن سے زیادہ علاقوں و دیہات بشمول چھتری پورہ ، وہل ، نوگام ، پانڈو چھن ، کاپرن ، رے کاپرن ، دنگام ، ونگام کو اچانک محاصرے میں لے کر بڑے پیمانے پر تلاشی کارروائی عمل میں لائی ۔ معلوم ہوا کہ فوج ، فورسز ، پولیس اور ٹاسک فورس اہلکاروں نے ان سبھی دیہات کو چاروں اطراف سے محاصرے میں لے کر گھر گھر تلاشی کارروائی شروع کی ، جس دوران ٹھٹھرتی سردی میں لوگوں کو گھروں سے باہر لاکر ان سے پوچھ تاچھ کی گئی ۔ کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والے اس کریک ڈائون کے دوران محاصرے کی زد میں آنے والے دیہات سے کسی بھی شخص کو باہر جانے کی اجازت نہیں دی گئی ۔ مکینوں اور مہمانوں سے پوچھ تاچھ کی گئی اور ان سے جنگجوئوں کی سرگرمیوں کے بارے میں جانکاری حاصل کرنے کی کوشش کی گئی ۔ پولیس ذرائع نے اس کریک ڈائون کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ محاصرے میں لئے گئے دیہات میں کچھ جنگجوئوں کے موجود ہونے کی اطلاع ملی تھی اور اسی بناء پر یہاں تلاشی کارروائی عمل میں لائی گئی ۔ ذرائع کے مطابق تلاشی کارروائی کے دوران کسی بھی گائوں میں جنگجوئوں سے سامنا نہ ہونے کے بعد محاصرہ ہٹایا گیا اور اس دوران کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ۔ اُدھر ضلع بانڈی پورہ کے چندرگیر حاجن گائوں میں اتوار کو رات کے ساڑھے 10 بجے فوج اور ٹاسک فورس کے اہلکاروں نے مشترکہ کارروائی عمل میں لائی ۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ دنوں گرفتار ایک نوجوان رئیس احمد بابا ساکنہ بونہ محلہ اشم کی طرف سے فراہم کردہ جانکاری پر فوج ، فورسز اور ٹاسک فورس اہلکاروں نے چندرگیر حاجن میں عبدالرحمان پرے ولد محمد انور پرے کے گائو خانہ میں قائم جنگجوئوں کی کمین گاہ کی تلاشی لی ۔ انہوں نے بتایا کہ یہاں سے اسلحہ اور گولہ بارود بر آمد کیا گیا جبکہ اسی کمین گا ہ کو لشکر طیبہ سے وابستہ کئی جنگجو چھپنے کیلئے استعمال کیا کرتے تھے ۔