سرینگر //نیشنل ہیلتھ مشن کے تحت کام کرنے والے 10ہزار سے زائد ملازمین نے 20دسمبر سے 72گھنٹوں کی ہڑتال پر جانے کا اعلان کیا ہے جس سے وادی کے اطراف و اکناف میں قائم سرکاری اسپتالوں کا کام کاج متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ واضح رہے کہ مارچ 2017میںاین ایچ ایم ملازمین کی 15روزہ ہڑتال کے بعد ریاستی حکومت کی طرف سے تشکیل دی گئی کمیٹی کی رپورٹ پر ابتک کوئی بھی عملی اقدام نہیں کیا گیا ہے ۔ آل جے اینڈ کے این ایچ ایم ایمپلائزایسوسی ایشن کے ترجمان عبدالروف نے بتایا کہ ریاستی سرکار کی طرف سے تشکیل دی گئی کمیٹی نے 15مئی کو اپنی رپورٹ حکومت کو سونپی تاہم اسکے باوجود بھی کمیٹی کی رپورٹ پر عملدر آمدنہیں کیا گیا ۔ عبدالروف نے بتایا کہ حکومت کی سرد مہری کے خلاف 20دسمبر کو 72گھنٹوں کی ہڑتال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ عبدالروف نے بتایا کہ 20دسمبر کو این ایچ ایم ملازمین پریس کلب جموں اور پریس کالونی سرینگر میں حکومت کی سرد مہری کے خلاف احتجاج کریں گے۔ عبدالروف نے بتایا کہ این ایچ ایم ملازمن کی ہڑتال کال کو آر این ٹی سی پی اور ایڈس کنٹرول سوسائٹی کے علاوہ دیگر ملازمین کی حمایت بھی حاصل ہوگی۔ عبدالروف نے بتایا کہ اگر حکومت نے 72گھنٹوں کی ہڑتال کے باوجود بھی کوئی قدم نہیں اٹھایا تو وہ کوئی بھی سخت قدم اٹھانے پر مجبور ہونگے جسکی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔