جموں//چیف سیکرٹری بی بی ویاس نے سول سیکرٹریٹ جموں میں ایک میٹنگ کے دوران ریاست میں آدھار انرولمنٹ پر ہور ہی پیش رفت کا جائز ہ لیا۔ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل یو آئی ڈی اے آئی نے چندی گڈھ سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی جبکہ چیف پوسٹ ماسٹر جنرل کشمیر ، صوبائی کمشنر جموں، صوبائی کمشنر کشمیر ، کمشنر سیکرٹر ی جی اے ڈی، کمشنر سیکرٹری سماجی بہبود ، سیکرٹری سکولی تعلیم ، سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی ، پروجیکٹ ڈائریکٹر ایس ایس اے ، مشن ڈائریکٹر آئی سی ڈی ایس کے علاوہ رجسٹرار جنرل آف انڈیا کے نمائندے اور دیگر افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔سیکرٹری انفارمیشن ٹکنالوجی سواگت بسواس نے آدھار اندراج پر ہور ہی پیش رفت کا خلاصہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے چھ ماہ کے دوران ریاست میں انفارمیشن ٹیکنالوجی محکمہ کی طرف سے 11لاکھ سے زائد آدھار اندراجات عمل میں لائے گئے اور اس مقصد کے لئے مختلف اضلاع میں 350مشینوں کو کام پر لگایا گیا۔ میٹنگ میں بتایاگیا کہ آدھار انرولمنٹ 1.09 کروڑ تک پہنچ گیا ہے اور اب تک 97لاکھ افراد کے حق میں آدھار کارڈجاری کئے گئے۔اس موقعہ پر مزید بتایاگیا کہ یو آئی ڈی اے آئی نے آدھار اندراج میں معقولیت لانے کے لئے پروجیکٹ ڈائریکٹر ایس ایس اے اور مشن ڈائریکٹر آئی سی ڈی ایس کو رجسٹراروں کے طور پر تعینات کیا ہے تاکہ سکولوں اور آنگن واڑی مراکزمیں یہ کام شروع کیا جاسکے۔واضح رہے کہ چیف سیکرٹری کی طرف سے پچھلے جائزے میں فیصلہ لیاگیا تھا کہ پروجیکٹ ڈائریکٹر ایس ایس اے کی طرف سے سکولوں میں 100انرولمنٹ مراکز کھولے جائیں گے ۔اس کے لئے مشینیں بھی خریدی گئی ہیںاور اب تک 14مشینوں نے سکولوں میں انرولمنٹ کا کام بھی شروع کیا ہے ۔چیف سیکرٹری نے مزید ہدایات دی ہیں کہ آنگن واڑی مراکز میں صفر سے پانچ برس کی عمر کے بچوں اور سکولوں میں 6برس سے 18برس تک کے طلاب کی آدھار انرولمنٹ کا کام ترجیحی بنیادوں پر کیا جانا چاہیئے اور اس مقصد کے لئے سکول عملے اور آنگن واڑی ورکروں کو بھی تربیت دی جا چکی ہے۔اس موقعہ پر مزید بتا یا گیاہے مرکزی حکومت نے پوسٹ آفسوں اور بینکوں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ ریاست جموں وکشمیر میں آدھار اندراج شروع کریں جس کے لئے یو آئی ڈی اے آئی نے ان اداروں کو الگ سے رجسٹرار کوڈ جاری کیا ہے۔وائس پریذیڈنٹ جے اینڈ کے بینک جو ایس ایل بی سی کے نمائندے بھی ہیں نے جانکاری دی کہ 64بینک شاخوں میں پہلے آدھار انرولمنٹ کا کام شروع کیا جاچکا ہے جبکہ مزید 20شاخوں میں یہ کام چنددنوں میں شروع کیا جائے گا۔چیف سیکرٹری نے جے اینڈ کے بینک میں مزید 40آدھار انرولمنٹ سینٹر کھولنے پر بھی زور دیا۔ اس دوران بتایاگیا کہ آدھار انرولمنٹ سے بڑ ے پیمانے پر عام لوگوں کو فائدہ حاصل ہوگا کیونکہ مرکز ی حکومت نے مختلف مرکزی سکیموں کے فوائد مستحقین کے آدھار نمبروں کے ساتھ منسلک کئے ہیں۔