جموں//جموں وکشمیرنیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر دویندرسنگھ رانا نے ڈوگری اسکالروں سے کہاہے کہ ڈوگری زبان کی ترقی وترویج اوراسے آئندہ نسلوں کے لئے محفوظ بنانے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے اسکالروں پرزوردیاکہ و ہ بلالحاظ مذہب وملت اوررنگ ونسل ڈوگری زبان کی ترقی وترویج کیلئے کام کریں۔ دویندرسنگھ رانا بجالتہ ملہوری میں ڈوگری ساہتیہ اکادمی کی جانب سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔انہوں نے ڈوگری اسکالروں سے کہاکہ وہ اس زبان کی ترقی کیلئے سرگرم رول اداکریں۔انہوں نے کہاکہ ڈوگری ہماری مادری زبان ہے اس لئے ہم سب کایہ فرض اولین ہے کہ ہم سبھی اس زبان کی ترقی کیلئے متحدہوکرکام کریں۔انہوں نے کہاکہ اس زبان کو فروغ دینے کابہتراورواحدراستہ ڈوگری زبانوں کوسکولوں میں پرائمری سطح پراورہائرکلاسز میں بطورلازمی مضمون قراردیناہے۔اس کے علاوہ تمدنی پروگراموں اورادبی محفلوں کا انعقاد بھی اس زبان کوفروغ دینے میں معاون ثابت ہوگا ۔اس لئے ضرورت اس بات کی ہے کہ آرگنائزر ڈوگری زبان کی ترقی وترویج کیلئے مشنری جذبے کے تحت متحدہوکرکام کریں ۔بعدازاں رانانے بجالتہ میں چیتن پبلک سکول کی سالانہ تقریب میں بھی شرکت کی اورسکول کے تعلیمی ماحول پراطمینان کااظہارکیا۔