سرینگر// راجستھان میں کشمیری طالب علم کی پُراسرار موت اور بنگلور میں دو کشمیری بھائیوں کا زد و کوب کرنے کے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال نے مرکز اور ملک کی دیگر ریاستوں سے اپیل کی کہ ہے وہ کشمیری تاجروںاور زیر تعلیم طلباء کا تحفظ یقینی بنائیں اور انہیں تنگ و طلب اورہراساں کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف ریاستوں میں مقیم کشمیری طلباء حصولِ تعلیم میں مصروف رہتے ہیں اور ہزاروں کی تعداد میں تاجر اور دیگر کشمیری محض اپنا روگار کمانے کیلئے ان ریاستوں کا رُخ کرتے ہیں، محض کشمیری ہونے کی پاداش میں انہیں ہراسان کرنے والوں کو بے نقاب کیا جائے۔ ڈاکٹر کمال نے ریاست کی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی سے اپیل کی کہ وزیر داخلہ اور دیگر ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کے ساتھ بذات خود بات کریں اور کشمیریوں کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے زور ڈالیں۔