جموں//جموں، کٹرہ اور پتنی ٹاپ سے تعلق رکھنے والے ہوٹل مالکان کے ایک وفد نے سیاحت و تعلیم کی وزیر مملکت پریا سیٹھی سے ملاقات کی اور انہیں اپنے درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔سیکرٹری سیاحت سرمد حفیظ، ڈائریکٹر سیاحت سمیتا سیٹھی، ڈپٹی ڈائریکٹر سیاحت سباح مہتہ کے علاوہ پولیوشن کنٹرول بورڈ اور فائیر محکمہ کے افسران اس موقعہ پر موجود تھے۔ڈیلی گیشن نے اس موقعہ پر رجسٹریشن کی اجراء، پولیوشن کنٹرول بورڈ اور فائیر محکمہ سے سند حاصل کرنے جیسے معاملات میٹنگ میں اُبھارے۔ انہوں نے ہوٹلوں کو صنعت کا درجہ دلانے کا مطالبہ کیا۔وزیر موصوفہ نے ڈیلی گیشن کے مطالبات غور سے سُنے اور کہا کہ ہوٹل اور لاج سیاحتی سیکٹر سے وابستہ اہم جز ہیں۔ انہوں نے متعلقین کو ہدایت دی کہ ہوٹل مالکان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں۔دریں اثنا پریا سیٹھی نے وکیشنل ٹریننگ پارٹنروں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اس موقعہ پر زور دیا کہ ریاست کے نوجوانوں کو مختلف ہُنروں میں تربیت دے کر بے روز گاری کا خاتمہ کرنے میں سعی کی جائے۔انہوں نے مختلف محکموں کو مشترکہ طور پر کام کرکے نوجوانوں کی بہبودی کے پروگرام انجام دینے پر زور دیا۔ وزیر نے صوبائی و ضلع سطح پر اعلیٰ سطحی نگرانی نظام کو بروئے کار لانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو مختلف ہُنروں میں تربیت فراہم کر نے کے لئے باقاعدہ کوششیں عمل میں لائی جائیں تا کہ بے روز گاری کا کسی حد تک مقابلہ کیا جاسکے۔سیکرٹری سکول ایجوکیشن فاروق احمد شاہ، ڈائریکٹر رمسا طُفیل مٹو اور دیگر متعلقہ افسران اس موقعہ پر موجود تھے۔