سرینگر//ریاستی کلچرل اکیڈیمی کی طرف سے کل منعقدہ خصوصی تقریب میں بعض نامور ادیب اور قلمکاروں کو شایانِ شان خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ جن میں نامور ڈرامہ نگار علی محمد لون، نامور شاعر اور قلمکارحکیم منظور، بشیر اختر، ڈاکٹر فرید پربتی، شبیر آذر، عباس تابش، محی الدین شاہ، عُمر مجید، محمد احمد اندرابی، سجاد حُسین،سید رضا اور ارجن دیو مجبورشامل ہیں۔ تقریب کلچرل اکیڈیمی کے سمینار ہال واقع لال منڈی میں منعقد ہوئی جس کی صدارت غلام نبی خیال نے کی جبکہ ظریف احمد ظریف بطور مہمانِ خصوصی تقریب میں موجود تھے۔اکیڈیمی کی طرف سے استقبالیہ کلمات پیش کرتے ہوئے چیف ایڈیٹر اردو محمد اشرف ٹاک نے کہا کہ دسمبر کے مہینے میں بعض سرکردہ شخصیات اپنے خالقِ حقیقی سے جاملیں۔ ان شخصیات ، جنہوں نے کشمیری اور اردو پر دُور رَس اثرات مُرتب کئے ہیں ، کو شایانِ شان خراجِ تحسین پیش کرنے کے لئے اس تقریب کا اہتمام کیا گیا ہے۔ان شخصیات کے حوالے سے ناصر ضمیر اور ولی محمد خوشباش نے مقالات پیش کئے۔ ظریف احمد ظریف ،سلطان الحق شہیدی، عنایت گُل اور غلام رسول آزاد، ڈاکٹر ریاض الحسن، گلشن بدرنی، رحیم رہبر، پرویز مانوس، جمیل انصاری نے ان سرکردہ شخصیات نے اپنا خراجِ تحسین پیش کیا ۔ غلام نبی خیال نے کہا کہ ان شخصیات نے ہمارے ادبی منظر نامے کو اپنی کاوشوں سے مالا مال کیا ہے۔