کے اے ایس میں چوتھی پوزیشن
مہاجر پنڈت لڑکی نیہا پنڈتا کو نعیم اختر کی مبارکباد
جموں//تعمیرات عامہ کے وزیر نعیم اختر نے جگتی مائیگرنٹ کیمپ میں رہائش پذیر کشپ نیہا پنڈتا سے ملاقات کی اور اسے کشمیر انڈمنسٹریٹیو سروس کے نتائج میں اعلیٰ کار کردگی دکھانے پر حوصلہ افزائی کی۔اُن کے کنبے کو سراہتے ہوئے وزیر نے کہا کہ طلبا کے والدین کا بچوں کی کامیابی میں اعلیٰ کردار نبھانا ہوتا ہے بالخصوص لڑکیوں کی کامیابی میںاُن کے والدین کے بچوں کے تئیں اُن کی کوششیں بارآور ثابت ہوتی ہے۔ جگتی مائیگرنٹ کیمپ سے تعلق رکھنے والی پہلی کشمیری لڑکی کے ریاستی سول سروسز میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے کا ذکر کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ اس لڑکی کی کامیابی کا براہ راست اثر دیگر طلاب پر مثبت طریقے پر پڑے گا اور وہ اپنا مستقبل روشن کرنے کی کوششیں کریں گے۔ریاست کے طلاب کی قابلیت ملک کے دیگر طلاب کے مقابلے میں بہتر ہونے کا ذکر کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ یہ طلاب کی محنت اور ان کی خودداری کا نتیجہ ہے کہ وہ نہ صرف اپنے خاندان بلکہ پوری ریاست کا نام روشن کرنے میں کسی سے کم نہیں ۔نیہا پنڈتا کو تابناک مستقبل کی دعا کرتے ہوئے وزیر نے اُمید ظاہر کی کہ نیہا اپنی زندگی میں ریاست کے ساتھ ساتھ پورے ملک کی خدمت انتہائی ایماندار ی اور خلوص سے انجام دے گی۔کشمیر ی پنڈت کنبے سے تعلق رکھنے والی نیہا پنڈتا نے آرگنک کمسٹری میں ماسٹرس کی ہے اور ایجوکیشن میں ڈگر ی حاصل کی ہے ۔
نو منتخب امیدواروں KASایسوس ایشن کی تہنیت
سرینگر//کے اے ایس آفیسرایسوسی ایشن نے حالیہ ایڈمنسٹریٹیو امتحان میں کامیابی حاصل کرنے والے اُمیدواروں کومبارک باد پیش کی ہے ۔ اپنے ایک بیان میں کے اے ایس ایسوسی ایشن نے امتحان میں اول پوزیشن حاصل کرنے والے اُمیدوار انجم بشیر ساکن سرنکوٹ پونچھ سمیت دیگر کامیاب اُمیدواروں کو بھی دلی مبارک باد پیش کی ۔بیان میں ایسوسی ایشن نے کہا کہ کامیاب ہوئے اُمیدواراُن کی برادری کا ایک حصہ بن گئے ہیں اور ایسوسی ایشن اُن کا استقبال دل کی گہرائیوں سے کرتی ہے ۔ایسوسی ایشن نے اُمید ظاہر کی ہے کہ نئے منتخب ہوئے آفیسران نہ صرف ریاست کی بلکہ لوگوں کی فلا وبہبود کیلئے بھی محنت اور لگن سے کام کریں گے ۔
انجم بشیر کوگورنر کی مبارکباد
جموں//گورنر این این ووہرا نے کشمیر ایڈمنسٹریٹیو سروسز امتحان میں اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے انجم بشیر خان کھٹک کو مبارک باد دی ہے ۔اپنے ایک مبارک بادی کے پیغام میں گورنر نے انجم کی محنت اور کاوشوں کو سراہتے ہوئے انجم کو تلقین کی کہ وہ مستقبل کی زندگی میں ایمانداری سے کام کر تے ہوئے عام لوگوں کی بہبودی کو یقینی بنائیں۔گورنر نے انجم کے والدین اور اساتذہ کو بھی مبارک باد دی جنہوں نے انجم کی کامیابی میں اہم رول اداکیا۔
اہلِ ریاست بدترین حکمرانی کے شکار
مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے دعوے غلط: کمال
سرینگر//حکمران اور انتظامیہ عوام کی خدمتگار ہوتی ہے اور لوگ فلاح و بہبود، آرام و آسائش اور راحت کی آس لگا کر ووٹ ڈالتے ہیں اور ایک حکومت معرض وجود میں آتی ہے۔ بدقسمتی سے موجودہ سرکار اب تک ہر محاذ پر عوامی مشکلات و مصائب اور مسائل حل کرنے میں ناکام رہی ہے، پی ڈی پی کی سربراہی والی حکومت یہاں کے عوام کو نہ تو بنیادی ضروریات کی فراہمی یقینی بناپارہی ہے اور نہ ہی لوگوں میں احساس تحفظ پیدا کر پارہی ہے۔ ان باتوں کا اظہار نیشنل کانفرنس کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال نے آج ٹنگمرگ اور چک کاووسہ میں پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف مرکزی اور ریاستی حکومتیں وادی میں حالات کی بہتری کے بلند بانگ دعوے کررہی ہیں اور دوسری جانب آئے روز انکائونٹر ہورہے ہیں، کریک ڈائون کئے جارہے ہیں، احتجاج اور مظاہرے ہورہے ہیںاور عام لوگوں کی ہلاکتوں کا سلسلہ بتدریج جاری ہے۔ ڈاکٹر کمال نے کہا کہ شہری ہلاکتوں کو جواز بخشنے کیلئے نت نئی کہانیاں سنائی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوارہ میں نوجوان سوموڈرائیور اور خاتون کی ہلاکت ہویا پھر شوپیاں میں جواں سال خاتون کو ابدی نیند سلانے کا واقعہ، ہر بار کوئی نہ کوئی بہانہ تراش کر ہلاکتوں کو جواز بخشنے کی مذموم کوششیں کی جارہی ہیں۔ ڈاکٹر کمال نے کہا کہ شوپیاں کی جواں سال خاتوں کی احتجاج کے دوران ہلاکت کے دعوے اُس وقت جھوٹے ثابت ہوئے جب اُس کے والدین نے یہ انکشاف کیا کہ مذکورہ خاتون کو اپنے گھر میں گولی مار کر ابدی نیند سلادیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کریک ڈائونوں کے دوران مکانوں اور دیگر مال و جائیداد کو نقصان پہنچانے کا چلن اب عام ہوگیا ہے.
دنیشور شرما کی 24دسمبر کو وادی آمد متوقع
سرینگر//بلال فرقانی// مرکزی حکومت کی طرف سے نامزد مذاکراتکار دنیشور شرما مشن کشمیر کے تیسرے مرحلے میںاتوار کو سرینگر پہنچ رہے ہیں،جبکہ اپنے دورے کے دوران وہ مختلف طبقہ ہائے فکر بشمول سیاست دانوں سے تبادلہ خیال کریں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اپنے دورے کے دوران مزاکراتکارممکنہ طور پر شمالی کشمیر کا دورہ کرینگے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ابھی تک اگر چہ یہ طے نہیں ہوا ہے کہ دنیشور شرما کن لوگوں سے ملاقی ہونگے،تاہم وہ کئی دنوں تک وادی میں قیام کرینگے۔دنیشور شرما کا یہ تیسرا دورہ ہوگا۔ اس سے قبل وہ23اکتوبر کو5روزہ دورے پر وادی پہنچے تھے۔24دسمبر کو دنیشور شرما ایک بار پھر وادی کے دورے پر آئے تھے۔
شوپیان میں ہڑتال ختم
شاہد ٹاک
شوپیان //بٹہ مڈن شوپیان ہلاکتوں کے بعدوادی میں کل دوروز بعد ریلوے خدمات شروع کردی گئیں جبکہ جنوبی کشمیر کے بیشتر علاقوںمیں تین روز سے بند پڑی انٹرنیٹ سروس بھی بحا ل کی گئی ۔شوپیان اور پلوامہ کے کئی علاقوں میں جاری ہڑتال جمعرات کو ختم ہوئی اور تمام علاقوں میں کاروباری اور تجارتی سرگرمیاں شروع ہوئیں۔بازار، سرکاری دفاتر کھل گئے جبکہ ٹرانسپورٹ بھی معمول کے مطابق چلتا رہا۔
محکمہ اعلیٰ تعلیم ریسرچ جرنل شائع کرے گا: ڈاکٹر سامون
جموں//محکمہ اعلیٰ تعلیم بہت جلد طلاب اور سکالروں کے مختلف مضامین پرمبنی سہ ماہی انگلش جرنل شائع کرے گاجس میں تحقیق سے متعلق پیپر چھاپے جائیں گے ۔پرنسپل سیکرٹری محکمہ اعلیٰ تعلیم ڈاکٹر اصغر سامون اس سلسلے میں آج مختلف کالجوں کے سینئر فیکلٹی ممبران اور افسروں کی میٹنگ کی صدارت کر رہے تھے جس میں مجوزہ جرنل کے خدو خال پر سیر حاصل بحث ہوئی۔ میٹنگ میں فیصلہ لیاگیا کہ جرنل میں کمیونیکیشن سرکلز ،لٹریچر اور لنگوسٹکس پر تحقیقی مواد کا استعمال کیا جائے گا۔پرنسپل سیکرٹری نے اس موقعہ پر ایک ایڈیٹورل بورڈ تشکیل دینے کی ہدایت دی جس میں ریاست کے مختلف کالجوں سے تعلق رکھنے والے 10ممبران شامل ہوں گے۔
سڑک حادثات میں شہری لقمہ اجل
سرینگر//وادی میں سڑک حادثوں میں ایک شہری لقمہ اجل بن گیاجبکہ ایک اور زخمی ہوا ۔کپوار میں ایف سی ائی بمہامہ کے نزدیک سڑک حادثے میں ایک نامعلوم گاڑی نے ایک راہگیر عبدالحمید بٹ ولد محمد سلطان ساکن ٹینگہ پورہ کو ٹکر مار کر زخمی کر لیا جس کو علاج ومعالجہ کیلئے ڈسڑکٹ اسپتال کپوارہ منتقل کیاگیا ۔جہاں سے مذکورہ کو مزید علاج ومعالجہ کیلئے صدر اسپتال سرینگر منتقل کیا ۔اننت ناگ میں کے وئے اسکول بٹنگو کے نزدیک ایک نا معلوم گاڑی نے ایک راہگیر محمد عبداللہ ڈار ولد غلام رسول ڈار ساکن اورنہال کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں وہ موقعہ پر ہیلقمہ اجل بن گیا ۔پولیس نے کیس اندراج کرکے تحقیقات شروع کی ۔
ازبکستان میں جموں کشمیر کیلئے خصوصی تقریب کا انعقاد
نئی دہلی//تاشکند ازبکستان میں بھارتیہ سفارت خانہ پرواسی بھارتیہ دوس جو جنوری 2018 کو منایا جا رہا ہے کے موقعہ پر خصوصی پرموشنل تقریب منعقد کر کے جموں کشمیر کی ثقافتی ، صنعتی اور تجارتی صلاحیتوں کو اجاگر کیا جا رہا ہے ۔تاشکند میں بھارتیہ سفارت کار کے ایک مراسلے کے مطابق خواہشمند سرکاری محکموں اور دیگر متعلقہ اداروں کو جموں کشمیر سے متعلق مطلوبہ جانکاری ، اشتہاری مواد ، ویب لنک تاشکند میں بھارتیہ سفارت خانے کو [email protected]. پر میل کرنے کیلئے کہا گیا ہے ۔ مراسلے کے مطابق تاشکند میں بھارتیہ سفارت خانہ جموں کشمیر کے سرکاری اور تجارتی چیمبروں اور دیگر انجمنوں کے وفود کی جانب سے دوروں کا خیر مقدم کرے گا اور انہیں ازبکستان میں مقامی طور تقریبات اور تبادلہ خیال سیشن منعقد کرنے کیلئے بھر پور تعاون فراہم کرے گا ۔
بہبودی سکیموں کیلئے مستحقین کی فہرست مرتب کریں
آسیہ نقاش کی آئی سی ڈی ایس افسران کو ہدایت
جموں//وزیر مملکت برائے مکانات و شہری ترقی ، صحت و طبی تعلیم اور سماجی بہبود آسیہ نقاش نے محکمہ سماجی بہبود اور آئی سی ڈی ایس افسران کی ایک میٹنگ طلب کر کے محکمہ اور آئی سی ڈی ایس کی مختلف سکیموں کی عمل آوری کا جائیزہ لیا ۔ کمشنر سیکرٹری محکمہ سماجی بہبود ، محکمہ کے جموں /کشمیر کے ناظمین ، مشن ڈائرئریکٹر آئی سی ڈی ایس ، محکمہ کے ڈائریکٹر فائنانس ، جوائینٹ ڈائریکٹر پلاننگ اور دیگر متعلقہ افسران میٹنگ میں موجود تھے ۔ دورانِ میٹنگ میراج اسسٹنس ، اولڈ ایج پینشن ، سکالر شپ معاملات ، آسرا بیمہ اور لاڈلی بیٹی ، این ایس اے پی آئی ایس ایس ایس ، اولڈ ایج ہوم کی تعمیر ، ایس سی اور او بی سی زمروں سے متعلق سکیموں کی عمل آوری پر مفصل غور و خوض ہوا ۔ وزیر نے مختلف بہبودی سکیموں کیلئے فیلڈ سروے منعقد کر کے مستحقین کی فہرست مرتب کرنے کی متعلقہ حکام کو ہدایت دی ۔ انہوں نے فہرست رقومات کی فراہمی کیلئے متعلقہ حکام کو بھیجنے کی بھی ہدایت دی ۔ انہوں نے محکمہ سماجی بہبود کے ناظمین کو مرکزی حکومت کے افسران کے ساتھ میٹنگیں منعقد کر کے محکمہ کی جانب سے وظایف وغیرہ سے متعلق وقتاً فوقتاً پیش کئے گئے معاملات اٹھانے کی بھی ہدایت دی ۔ وزیر نے سرینگر اور جموں میں اولڈ ایج ہوم کی تعمیر کیلئے زمین کی نشاندہی کرنے کی بھی متعلقہ حکام کو ہدایت دی ۔ انہوں نے یہ معاملہ متعلقہ ضلع ترقیاتی کمشنروں کے ساتھ اٹھانے کیلئے کہا ۔ اہم سماجی بہبود پروگراموں کا جائیزہ لیتے ہوئے وزیر نے محکمہ کے حکام کو عام لوگوں کو محکمہ کی جانب سے لاگو کی گئی سکیموں سے بھر پور استفادہ کرنے کیلئے جانکاری دینے کیلئے کہا ۔ انہوں نے مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی سکیموں کے فوائد سے مستفید ہونے کیلئے لوگوں میں بیداری پیدا کرنے کی ہدایت دی ۔ ریاست میں آنگن واڑی مراکز میں جاری کام کاج پر بھی مفصل طور غور و خوض ہوا ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ آنگن واڑی ورکروں اور آنگن واڑی ہیلپروں کی جانب سے اُن کے مشاہروں میں اضافے کی مانگ پر حکومت غور کر رہی ہے ۔
پیروان ولایت کا آیت اللہ حائری کی رحلت پر اظہار نج
سرینگر//پیروان ولایت نے آیت اللہ حائری کی رحلت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے ۔اپنے ایک بیان میں پیروان کے سربراہ مولاناسبط محمد شبیر قمی نے کہا کہ آیت اللہ حائری ایک اسلامی اسکالر اور عالم ربانی تھے جس کی ساری زندگی امت اسلامیہ کی بھلائی کیلئے صرف ہوگئی۔انہوں نے کہا کہ مرحوم انقلاب اسلامی ایران کے اہم ترین رکن تھے۔مولانا قمی نے کہا کہ مرحوم حائری امام خمینی کے معتمد خاص تھے اور انہوں نے امام جمعہ کے ساتھ ساتھ مجلس خبرگان میں بھی اپنے فرائض احسن طریقے سے انجام دئے ۔پیروان ولایت کے صدر مولانا صوفی نے گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔
ایجیک صدر کے ساتھ اظہار تعزیت
سرینگر//آل لیبارٹری پیراوٹس یونین کا ایک تعزیتی اجلاس چیرمین لطیف احمد ملک کی قیادت میں نوشہرہ سرینگر میں منعقد ہوا جس میں ایجیک صدر عبدالقیوم وانی کے برادر نسبتی فاروق احمد خان کے انتقال پر گہرے رنج والم کا اظہار کیا گیا ۔
حریت لیڈر سمجھی کے ساتھ تعزیت پرسی کا سلسلہ جاری
سرینگر//حریت (گ) کے سیکریٹری جنرل حاجی غلام نبی سمجھی کی ہمشیرہ کی حادثاتی موت پرمزاحمتی قائدین وکارکنان کی تعزیت پرسی کا سلسلہ جاری ہے۔جمعرات کو محمد شفیع ریشی، حکیم عبدالرشید، غلام محمد ناگو، محمد شفیع لون، سید امتیاز حیدر اور دیگر کئی اراکین نے تعزیت کی۔تحریک مزاحمت کے چیئرمین بلال صدیقی نے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے تعزیت کی ہے ۔انہوں نے ان کی وفات کو اپنے ذاتی صدمے سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ ہم سوگوار خاندان کے اس دکھ اور غم میں برابر کے شریک ہیں۔دریں اثناءتنظیم کاایک وفد جس میں بلال صدیقی،محمد سلیم زرگر، شیخ مصعب اور ریاض احمد نے بجبہاڑہ جا کر سوگواروں سے تعزیت کی ۔ پیپلز پولیٹکل فرنٹ کے چیئرمین محمد مصدق عادل نے فرنٹ جنرل سکریٹری عبدالمجید وانی اور فرنٹ چیف آرگنائزر میر غلام حسن کے ہمراہ حریت لیڈر غلام نبی سمجھی کی ہمشیرہ کی وفات اور پیپلز لیگ کے سینئر لیڈر گوہر محمد خان کے برادر معراج الدین خان کے انتقال پر بجبہاڑہ اور چھانہ پورہ جاکر غمزدہ خاندانوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔ ڈےمو کرےٹک پولٹےکل مو منٹ کے چیئر مےن فردوس احمد شاہ نے بجبہاڑہ جاکر تعزےت کا اظہار کیا۔
شوپیاں واقعہ:مزاحمتی جماعتوں کی سوگوار کنبوں سے تعزیت پرسی
سرینگر//تحریک حریت اور مسلم لیگ وفود نے شوپیاںجاکر سوگوار کنبوں سے تعزیت کی۔ تحریک حریت وفد میں بشیر احمد قریشی اور مشتاق احمد شامل تھے جنہوں نے تنویر احمد اور روبینہ جان کے جاں بحق ہونے پرلواحقین کے ساتھ تعزیت کی۔ تعزیتی مجالس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شوپیان کی روبینہ جان اور ہندواڑہ کی مصرہ بانو کی ہلاکتیں جمہوریت کے لیے بدنما داغ ہے۔اس دوران مسلم لےگ ترجمان سجاداےوبی نے بٹہ مورن شوپےان میں جاں بحق ہوئے جنگجوﺅں کوخراج عقےدت پےش کیا ہے۔ترجمان کے مطابق لےگ کے اےک وفدنے شوپےان جاکرتنوےر احمد بٹ اور روبےنہ جان کے لواحقین سے تعزیت پرسی کی ہے۔وفد میں بشےر احمد بڈگامی ، منظور احمد للہاری، عبدالرشےد خان اور غلام الحسن شامل تھے۔ وفد نے عالمی اداروں اور انسانی حقوق کی تنظےموں کو سنجےدہ نوٹس لےنے کی اپیل کی ہے ۔
میلیال کاچہامہ سڑک خستہ ، عوام ناراض،حکام سے مداخلت کی اپیل
اشرف چراغ
کپوارہ//کرالہ پورہ کے مضافاتی علاقوںکے لوگو ں نے میلیال کاچہامہ سڑک کی ناگفتہ بہ حالت کے خلاف ناراضگی کا اظہارکیا ہے۔انہوں نے ضلع انتظامیہ سے اس سڑک کی مرمت کا مطالبہ کیا ہے ۔کا چہامہ کے لوگو ں نے بتا یا کہ جہا ں سرکار نے اس گاﺅ ں کو تعمیر و ترقی میں نظر انداز کیا ہے وہیں علاقہ کی سڑک بھی تباہ ہے ۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ اس سڑک پر کئی برسوںسے میکڈم نہیں بچھا یا گیا اور آج یہ سڑک جگہ جگہ خراب پڑی ہے ۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ بارشو ں کے دوران یہ سڑک جھیل کا منظر پیش کرتی ہے ۔لوگو ں کے مطابق سڑک کی نا گفتہ بہ حالت کی وجہ سے لوگو ں کو عبور و مرور میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور گا ڑیو ں کا چلنا بھی کسی خطرے سے کم نہیں ہے ۔مقامی لوگوں نے بتا یا کہ اگر اس سڑک کو ٹھیک نہیں کیا گیا تو برف باری اور بارشو ں کے دوران عوام کے مسائل میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔
گورنر اور ان کی اہلیہ کی کرسمس تقریب میں شرکت
جموں//گورنر این این ووہرا اور ان کی اہلیہ اوشا ووہرا نے کارمل کانونٹ سکول کی طرف سے کرسمس کے سلسلے میں منعقد ہ ایک تقریب میں شرکت کی۔گورنر نے اس موقعہ پر ہر ایک کوکرسمس اور نئے سال کی مبارک باد دی۔ گورنر نے اس موقعہ پر کہا کہ ایک پرامن سماج کے وجود کو یقینی بنانے کے لئے ایک دوسرے کو سمجھنے اور باہمی یکجہتی کا احساس پیدا کرنا لازمی ہے۔گورنر نے ریاست میں معیاری تعلیم سے لوگوں کو روشناس کرانے کے لئے کیتھولک کرسچن مشن کے رول کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ مشنریاں صدیوں سے یہ کام کرتی آرہی ہے اور اس وقت یہ جموں اور سرینگر میں 35سکولوں کے ذریعے سے معیاری تعلیم سے عام کر رہی ہے۔گورنر نے کہاکہ نوجوانوں میں روایتی تعلیم کے ساتھ ساتھ اخلاقی اور ثقافتی اقدار پیدا کرنے کی بھی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ بچوں کو غیر اخلاقی اور غیر سماجی سرگرمیوں سے دور رکھنے کی طرف توجہ دی جانی چاہئیں۔گورنر اور ان کی اہلیہ نے اس موقعہ پر کرسمس کیک کاٹنے کی رسم میں بھی شرکت کی۔اس موقعہ پر کرسچن مشنریوں سے وابستہ کئی اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔پروفیسر آر ڈی شرما وائس چانسلر یونیورسٹی آف جموں جو اس وقت مہمان ذی وقار کی حیثیت تھے نے بھی خطاب کیا اور تعلیمی سیکٹر میں مشنریوں کے رول کو اجاگر کیا۔
وزیراعلیٰ کاریاسی ہلاکتوں پر صدمے کا اظہار
جموں//وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ریاسی ضلع کے ارناس تحصیل میں کل ایک مکان گر جانے سے پانچ افراد کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔وزیرا علیٰ نے سوگوار کنبوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق ہوئے افراد کی ارواح کے ابدی سکون کے لئے دعا کی۔محبوبہ مفتی نے جموں ڈویژنل انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ اس حادثے میں زخمی ہوئے افراد ترجیحی بنیادوں پر ہر طرح کی طبی سہولیات بہم کرائیں۔ انہوں نے زخمیوں کی تیزی سے صحتیابی کے لئے دعا کی۔
وزیراعلیٰ کی شہری ہلاکتوں پرخاموشی افسوسناک:حکیم یاسین
سرینگر//کشمیر وائر//پیپلز ڈیموکریٹک فرنٹ کے صدر اورممبر اسمبلی خانصاحب حکیم محمد یاسین نے وزیراعلیٰ کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کشمیر میں ہورہی ہلاکتوں کوروکنے کےلئے عملی اقدام کرنے کے بجائے صرف اظہار رنج وغم کرنے پر ہی اکتفا کرتی ہیں ۔ حکیم یاسین نے اپنے بیان میں حالیہ ہلاکتوں پر اظہارافسوس کرتے ہوئے کہا کہ محبوبہ مفتی دیگر سیاسی جماعتوں کی طرح کشمیر میں ہورہی ہر شہری ہلاکت پر صرف مذمتی بیان جاری کرتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایسا محسوس ہورہا ہے کہ محبوبہ مفتی ملوثین کے خلاف کارروائی کرنے میں بے بس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب حکومت عام شہری کی ہلاکت پر مذمتی بیان جاری کرسکتی ہے تو پھر ملوثین کے خلاف کارروائی کرنے میں کون سی رکاوٹیں پیش آتی ہیں ۔
بانڈی پورہ میں مہنگائی عروج پر
عازم جان
بانڈی پورہ //بانڈی پورہ ضلع میں قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں ۔ گوشت فی کلو پانچ سو روپے کھلے عام فروخت ہورہا ہے اور مرغ ایک سو چالیس سے لیکر ڈیڑھ سو تک فروخت ہورہا جبکہ مچھلیاں چارسو روپئے فی کلو فروخت ہورہی ہیں۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ چیکنگ سکارڑ کا کوئی نام و نشان نہیں ہے ۔ٹریڈرس فیڈریشن صدر شمشاد احمد نے کہا کہ کئی بار ضلع انتظامیہ سے اس صورتحال پر قابو پانے کی اپیل کی گئی لیکن کوئی دھیان نہیں دیا گیا ۔ اے ڈی سی بانڈی پورہ خورشید احمد سنائی نے اس ضمن میںکہا کہ ضلع میں قیمتوں کی چیکنگ کیلئے فوری طورٹیم تشکیل دی جارہی ہے۔
ضلع مجسٹریٹ کپوارہ کی صدارت میں سیکریننگ کمیٹی کی جائزہ میٹنگ
کپوارہ//ضلع مجسٹریٹ کپوارہ خالد جہانگیر کی صدارت میں ہوئی مختلف محکموں اورحفاظتی ایجنسیوں کے نمائندوں کی ایک مشترکہ ضلع سطحی سیکریننگ اورمشاورتی کمیٹی کی میٹنگ منعقد ہوئی۔میٹنگ کے دوران ضلع میں ملی ٹینسی واقعات سے متاثرہ کنبوں کے کیسوں کی شنوائی عمل میںلائی گی۔5فوت ہوئے افراد کے لواحقین کے حق میں فی کس ایک لاکھ روپے کل عبوری امداد ،7زخمیوں کے حق میں میڈیکل سرٹیفکیٹ کے حساب سے امداد کو بھی مقرر کیا گیا۔26ڈھانچوں کو ہوئے نقصانات کا بھی جائزہ لینے اورمتعلقہ ایجنسی سے حتمی رپورٹ سے روانہ کرنے کو کہا گیا تاکہ متاثرین کو امداد فراہم کی جاسکے۔میٹنگ نے 17ریاستی حقوق انسانی کیسوں اور13ایس آر او 43،کیسوں کی بھی شنوائی کرکے انہیں حل کرنے پر غوروخوض کیا گیا۔میٹنگ میں ضلع انتظامیہ کے آفیسروں،پولیس،سیکورٹی ایجنسیوں کے نمائندے بھی موجود رہے۔