جموں//ڈے نائٹ ہاکی کپ ٹورنامنٹ آج شام یہاں اختتام پذیر ہوا جس میں 7 ٹیموں بشمول سکولی سطح کی تین جونئیر ٹیموں نے شرکت کی ۔ ٹورنامنٹ کا انعقاد ایس ہربنس سنگھ اینڈ سنز نے سردارنی جوگیندر کور کی یاد میں بھارگوا سپورٹس اکیڈمی کی سرپرستی میں گاڈھی گڑھ جموں میں کیا گیا۔ سپیکر جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی کویندر گپتا نے تقریب کی بحثیت مہمانِ خصوصی صدار ت کی ۔ اختتامی میچ ہاکی ہاکرز گاڈھی گڑھ اور کلاسیکو زیلو اپر گاڈھی گڑھ کے درمیان کھیلا گیا جو ہاکی ہاکرز کلب نے دو گول سے جیتا ۔ بعد میں سپیکر نے فاتح ٹیم اور دیگر شرکاء کو مبارکباد پیش کی ۔ ٹورنامنٹ کے منعقدین کو سراہتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ ایسے مزید ٹورنامنٹوں کا انعقاد کیا جانا لازمی ہے تا کہ نوجوانوں بالخصوص کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لایا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ ہاکی ہمارا قومی کھیل ہے اور ہمیں اس کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کرنی چاہئیے ۔ اس موقعہ پر ٹورنامنٹ کے آرگنائیزنگ سیکرٹری ایس امر جیت سنگھ پرنسپل بھارگو پبلک سکول ، سینئر رہنما اور معزز شہریوں اور کھیل شایقین کی بھاری تعداد موجود تھی ۔