سرینگر//پائین شہر میںکل ایک بار پھر بندشوںکے بیچ جامع مسجد سرینگر میں مسلسل تیسرے جمعہ کو بھی نماز جمعہ کی ادائیگی پر قدغن لگائی گئی ۔ مشترکہ مزاحمتی قیادت کی طرف سے نماز جمعہ کے بعد احتجاج کی کال کے پیش نظرشہر خاص کے بیشتر علاقوں میں کرفیو جیسی پابندیاں عائدرہیںاور مسلسل تیسرے جمعہ کے موقعہ پر جامع مسجد سرینگر کے ممبر و محراب خاموش رہے۔نوہٹہ اور اس کے نواحی علاقوں میں فورسز کے سخت پہرے بٹھا دئے گئے تھے جبکہ جامع مسجد سرینگر کے باب الدخول کو بھی مقفل کیا گیا تھا۔جگہ جگہ فورسز اور پولیس کا پہرہ بٹھا دیا گیااور کسی بھی شخص کو جامع مسجد سرینگر کی جانب گزرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔امسال21ویں مرتبہ جامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ کی ادائیگی ممکن نہ ہوسکی ۔اس سے قبل گزشتہ جمعہ کو ور فورسز و پولیس اہلکاروں کی طرف سے ناکہ بندی اور بندشوں کی وجہ سے تاریخی جامع مسجدکوسیل کرکے یہاں نمازجمعہ کے اجتماع پرپابندی رہی۔