گاندربل+بانڈی پورہ//ہیرپورہ گاندربل اوربانڈی پورہ کے متعدد علاقوںمیں بجلی کی عدم دستیابی سے لوگوںکو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ سرینگرلیہہ شاہراہ پر ہاری پورہ میں ہیرپورہ محلہ سے آئے ہوئے لوگوں نے محکمہ بجلی کیخلاف احتجاج کیا اور نعرے بازی کی ۔احتجاجیوں نے شاہراہ پر رکاوٹیں کھڑی کرکے گاڑیوںکی نقل وحرکت معطل کردی۔ احتجاجیوںکا کہنا ہے کہ علاقہ میں نصب بجلی ٹرانسفارمر کئی ہفتہ قبل خراب ہوا اور ابھی تک ٹھیک کرکے واپس نہیں لایا۔ احتجاج کے سبب شاہراہ پر کئی گھنٹوں تک ٹریفک جام ہونے سے مسافروںکو اپنی اپنی منزلوں تک پہنچنے میں دشواریاں پیش آئیں۔ پولیس اور محکمہ بجلی کے ذمہ داروں کی یقین دہانی کے بعد احتجاج ختم کیاگیا۔ اس دوران بانڈی پورہ ضلع کے قصبوں اور دیہاتوں میں برقی رو کی مسلسل عدم دستیابی پر عوام میں شدید غم و غصہ پایاجارہا ہے۔ کلوسہ ،چکریشی پورہ ،آیت مولا ،وٹہ پورہ،، آلوسہ ،اشٹٹنگو ،کہنو سہ ،سنروانی ،خیار ،اہم شریف ،حاجن ،چندر گیر ،اجس صدرکوٹ بالا ،ملنگام ،قوئل ،بنہ کوٹ ،نائندکھے ،سمبل اور دیگر پہاڑی علاقوں کے سراپا احتجاج لوگوں کاکہنا ہے کہ وہ بجلی فیس باقاعدگی کے ساتھ ادا کرتے ہیں لیکن بجلی کی لال پری خواب بن گئی ہے ۔ لوگوںکاکہنا ہے کہ نومبر اور دسمبر میں بجلی سپلائی 24گھنٹوں میں محض 5منٹ ٰٓ10 منٹ اور زیادہ سے زیادہ آدھے گھنٹے تک فراہم کی گئی جبکہ ساڑھے 23گھنٹے بجلی غائب رہی ہے جس کی وجہ سے صارفین کو بڑے پیمانے پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ لوگوں نے بتایا ہے کہ امسال لوڈشیڈنگ کا ریکارڈ ہی محکمہ بجلی نے توڑ دیا ہے ۔لوگوں کاکہنا ہے کہ وہ پرانے زمانہ میں استعمال کرنے والی چوبِ چراغ ، جسے کشمیری میں لشی کہتے ہیں، گھروں کو روشن کرنے کیلئے جلاتے ہیں۔