مہور//چناب خطہ میں آتشزدگی کی الگ الگ وارداتوں میں ایک رہائشی مکان ،دکان اور گائو خانہ خاکستر ہو گیا جن میں 21مویشی زندہ جل کر ہلاک ہو گئے ۔ ذرائع نے بتایا کہ ارناس تھانہ کے تحت گائوں تھوڑو میں محمد اسماعیل کے گائو خانہ میں اچانک آگ لگ گئی، چونکہ مویشی بندھے ہوئے تھے اور دروازہ باہر سے بند تھا، وہ باہر نہ نکل سکے اس طرح 12بھینسیں،2گائیں اور 7بچھڑے زندہ جل گئے ۔ جونہی دھواں مکان میں پھیلا تو اہل خانہ افراتفری میں باہر نکلے تاہم گھر میں رکھا تمام مال و متاع راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہو گیا۔ مہور کے ہی دیول علاقہ میں الطاف حسین کی الیکٹرانک دکان پر رکھی ہوئی سولر بیٹری پھٹ گئی جس کے نتیجہ میں دکان پر رکھا ساز و سامان جل کر خاک ہو گیا۔دریں اثنا ٹھاٹھری کے بدھانو گائوں میں رسوئی گیس سلنڈر پھٹنے سے دو منزلہ رہائشی مکان میں آگ لگ گئی ، تاہم مالک مکان بشیر احمد کا کنبہ محفوظ رہا۔ آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی بچائو کارروائی شروع کر دی گئی اور اس سے قبل کہ آگ مزید پھیلتی اس پر قابو پالیا گیا لیکن تب تک رہائشی ڈھانچہ جل کر خاکستر ہو چکا تھا۔