جموں//نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے کہا ہے کہ حکومت جسمانی طور ناخیز افراد کو بااختیار بنانے کے لئے وعدہ بند ہے اور اس سلسلے میں کئی بہبودی سکیموں کو ہاتھ میں لیا گیا ہے جن کی بدولت سماج کا یہ طبقہ مستفید ہوسکتا ہے ۔نائب وزیرا علیٰ نیشنل فیڈریشن فار بلائیڈ، جموں چپٹر کی طرف سے روپ نگر میں لوئیس بریل میموریل ریذیڈنشل سکول میں ورلڈ ڈس ابیلٹی ڈے کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔سٹیٹ کنوینئر این ایف بی مہندر بڈیال ، ڈاکٹر کسم لتا ملک اور فیڈریشن سے وابستہ سینئر ارکان اس موقعہ پر موجود تھے۔ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ مرکزی و ریاستی حکومتوں کی طرف سے چلائی جارہی بہبودی سکیموں کی بدولت جسمانی طور ناخیز افراد کو ضروری امداد فراہم کیا جارہاہے ۔جسمانی طور ناخیز افراد کی ہمت اور حوصلے کی ستائش کرتے ہوئے ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ ان افراد نے نہ صرف کھیل کود اور آرٹ میں اپنا لوہا منوایا ہے بلکہ زندگی کے تمام شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ایسے میں جتنا بھی ہوسکے ان افراد کو اخلاقی و دیگر مراعات فراہم کئے جانی چاہئیں۔اس موقعہ طلاب نے مارشل آرٹ ، پینٹنگ اور دلچسپ تمدنی پروگرام پیش کیا۔ڈاکٹر کسم لتا کی تحریر شدہ ایک کتاب ’ کئی آنکھیں ‘ کی نائب وزیرا علیٰ نے اس موقعہ پر رسم اجرائی انجام دی۔