جموں//محکمہ دیہی ترقیات میں ایم جی نریگاکے تحت 2014سے تعینات عارضی ملازمین کااحتجاج جمعہ کے روزبھی جار ی رہا ۔اس دوران مظاہرین نے سیکریٹریٹ کی طرف بڑھنے کی کوشش کو پولیس نے ناکام بنادیا،اس دوران سول سیکرٹریٹ کے باہرپولیس نے مظاہرین پرلاٹھی چارج کیا جس کے نتیجے میں متعدد مظاہرین کے زخمی ہونے کی اطلاعا ت بھی موصول ہوئی ہیں۔ اس دوران ملازمین تنظیموں کے لیڈران نے حکومت سے2014سے ایم جی نریگاکے تحت ملازمین کیلئے جاب پالیسی تشکیل دینے ، تنخواہوں کی وقت پرادائیگی، تنخواہوں میں اضافہ اوریقین دہانیوں پرعملدرآمدیقینی بنانے کامطالبہ کیا۔اس دوران مظاہرین نے حکومت پرمنریگاملازمین کے مطالبات کے تئیں لیت ولعل کی پالیسی اختیارکرنے کاالزام لگایا۔انہوں نے کہاکہ اس وقت وزیر دیہی ترقی نے ان کے مطالبات کوتسلیم کرتے ہوئے یقین دلایا کہ سرکارانکے مطالبات پورے کرانے کیلئے پوری طرح سے کوششیں کررہی ہے ۔لہذامنریگا ملازمین حکومت کی جانب سے ان مطالبا ت کی عمل آوری کاانتظار کریں جس کیلئے حکومت نے ایک ماہ کاوقت مانگاتھا ۔انہوں نے کہاکہ میٹنگ میں منریگاایسوسی ایشن پرزوردیا گیاتھاکہ وہ احتجاج کاپروگرام ترک کریں اوربعدمیں وزیرموصوف کی یقین دہانی کے بعدمنریگاملازمین نے چارفروری کودی گئی کام چھوڑہڑتال موخرکردی لیکن حکومت اپنے اس وعدے کوعملانے میں ناکام ہوگئی ہے جبکہ مہینوں گزرجانے کے باوجودبھی حکومت نے اس معاملے کوالتوامیں ڈال دیااوراب سرکاربھی اس حساس معاملے پرخاموش نظرآرہی ہے ۔