کپوارہ//سرکار کی جانب سے وادی کے سرکاری تعلیمی ادارو ں میں جہاںطالب علموں کیلئے مفت سر مائی کوچنگ جاری ہے وہیں ضلع کپوارہ کے کیرن علاقے کو نظر انداز کرنے پر وہا ں کی رہائشی آبادی میں زبردست ناراضگی پائی جارہی ہے ۔علاقے کے لوگو ں نے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا کہ کپوارہ ضلع کا یہ دور دراز اور پسماندہ علاقہ جہا ں پہلے سے ہی بنیادی سہو لیات سے محروم ہیں وہیں اب سرکاری اعلان کے با وجود بھی طلاب کے لئے مفت سر مائی کوچنگ کا کوئی انتظام نہیں کیا گیا ہے۔ اکثروالدین کا کہنا ہے کہ صاحب ثروت لوگو ں نے پہلے ہی اپنے بچو ں کو وادی کے مختلف علاقوں میں تعلیم حاصل کرنے کے لئے دا خلہ لیا لیکن غریب عوام کو اپنے بچو ں کو بہتر تعلیم دلانے کی سکت نہیں ہے اور اب جبکہ سرکار نے وادی میں مفت سر مائی کوچنگ کا اعلان کیا تو ان کی امیدیں بھی جاگ اٹھیں ۔انہوں نے کہا کہ کیرن میں نجی کو چنگ سنٹر بھی نہیں ہیں اور یہ علاقہ ضلع ہیڈ کو اٹر سے برف باری کی وجہ سے کئی مہینو ں تک کٹ کر رہ جاتا ہے اور بچے اپنے گھرو ں میں بیٹھنے پر مجبور ہیں۔والدین نے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ کیرن میں بھی مفت سر مائی کوچنگ کا انتظام کریں ۔