پلوامہ //راجپورہ پلوامہ کا 22سالہ طالب علم چندی گڑھ میں ایک دلدوز سڑک حادثے کے دوران جاں بحق ہوگیا۔ مصیب احمد شاہ ولد محمد احمد شاہ ساکن راجپورہ پلوامہ نامی22سالہ طالب علم کے گھروالوں کو ہفتے کی صبح فون پر یہ اطلاع دی گئی کہ مصیب چندی گڑھ میں ایک سڑک حادثے کے نتیجے میں اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا ۔یہ خبر سنتے ہی مصیب کے رشتہ دار سکتے میں آگئے اور پورے علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔مصیب چندی گڑھ میں ہی زیر تعلیم تھااوراس کے جاں بحق ہونے کی اطلاع سب سے پہلے سٹوڈنٹس یونین کے ذمہ داروں کو دی گئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ یہ حادثہ پولیس اسٹیشن کھرار کے تحت آنے والے علاقے میں پیش آیا جس کے بعد مصیب کی میت بھی اسی پولیس اسٹیشن میں منتقل کی گئی۔ مصیب کے چاچا سمیت کنبے کے کچھ افرادمیت لانے کیلئے چندی گڑھ روانہ ہوگئے ہیں ۔ خزانہ اور محنت و روز گار کے وزیر ڈاکٹر حسیب درابو نے مسیب احمد شاہ کے جانبحق ہونے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔غمزدہ کنبہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے ڈاکٹر درابو نے مرحوم کی روح کے ابدی سکون کے لئے دُعا کی۔