سرینگر// سرینگرمیونسپل کارپوریشن نے شہرکے کئی علاقوں میں غیر قانونی تعمیر کئے گئے متعددڈھانچوں کومنہدم کیا۔ایس ایم سی کے انہدامی اسکارڈوں نے حیدر پورہ، ٹینگہ پورہ، گلبرگ کالونی ،راوت پورہ، بلبل باغ اورمجیدباغ صنعت نگرمیں متعدد ناجائز تجاوزات اور غیرقانونی طورپرتعمیرکئے ڈھانچوں کومسمارکیا۔چیف انفورسمنٹ آفیسرکی سربراہی میں انہدامی اسکارڈوں نے خلاف ورزی کے مرتکب افرادکیخلاف کارروائی عمل میں لائی جبکہ اس سے پہلے اُنھیں نوٹس بھیج کرخودیہ غیرقانونی ڈھانچے منہدم کرنے کوبھی کہا گیا تھا۔ اس دوران سری نگرمیونسپل کارپوریشن کے حکام نے چھاپڑی فروشوں کووارننگ دی کہ وہ مقررہ جگہوں کے بغیرکہیں بھی چھاپڑیاں اورریڈے وغیرہ نہ لگائیں کیونکہ سڑک کنارے ،چوراہوں اورپلوں پرقابض ہوکریہ لوگ ٹریفک میں خلل کاموجب بن جاتے ہیں ،جس وجہ سے عام لوگوں بشمول راہگیروں کوبلاوجہ پریشانیوں کاسامناکرناپڑتاہے ۔انہوں نے واضح کیاکہ فٹ پاتھوں ،سڑک کناروں ،پلوں وپگڈنڈیوں اورنکڑوں وچوراہوں پرکسی کوقابض ہونے کی اجازت نہیں دی جائیگی اورخلاف ورزی کے مرتکب افرادبشمول تاجروں کوسخت کارروائیوں کاسامناکرناپڑے گا۔