جموں//کشمیر پولیس کے ایک اعلیٰ افسر کی طرف سے کشمیری جنگجوئوں کی ہلاکت کو’’ہماری اجتمای ناکامی‘‘ کا نام دینے کے بیان پر ریاستی حکومت نے ان سے وضاحت طلب کی ہے۔ ممبئی میں2008میں ہوئے حملوں کی9ویں برسی کے موقعہ پر جموں کشمیر میں تعینات آئی پی ایس افسر نے تقریب کے دوران کشمیر میں جنگجو مخالف آپریشنوں کی کامیابی پرکئی سوالات کا جوا ب دیا۔ جموں میں ریاستی پولیس سربراہ ڈاکٹر ایس پی وید نے نامہ نگاروں کو بتایا ’’ہمیں مرکزی وزارت داخلہ سے مکتوب ملا ہے،جس میں ریاستی سرکار کو ان سے وضاحت طلب کرنے کو کہا گیا ہے‘‘ انڈین ریزرو پولیس(آئی آر پی) دوسری بٹالین کے کمانڈنٹ اور ایس ایس پی شیلندر کمار مشرا نے وادی میں عسکریت پسندوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا تھا‘‘۔انہوں نے تقریب کے دوران خطاب میں کہا تھا’’براہ مہربانی عسکریت پسندوں کی ہلاکت پر خوش نہ ہو،یہ ہلاکتیں ہماری ناکامی کی علامت ہے،ہماری اجتماعی ناکامی‘‘۔ مشرا نے مزید کہا تھا’’ جموں کشمیر میں ہمارے نوجوانوں کو نظام سے شکایت ہے،ہمارے کام کرنے کے طریقہ کار سے بھی،(مگر) وہ ہمارے بچے ہیں،وہ ہمارے اپنے لوگ ہے۔وہ ٹھگ بن گئے ہیں،وہ سماج مخالف بن گئے۔ہمیں ان کو مار کر خوشی نہیں ہوتی‘‘۔اس دوران سماجی میڈیا پر شیلند کمار مشرا کا یہ ویڈیو وائرل ہوا،ان کا کہنا تھا’’وہ میرا ذاتی نقطہ نظر تھا،جو میں نے ایک افسر کے طور پر مشاہدہ کیا‘‘۔