پونچھ// گوجر لیڈر شمشیر ہکلہ پونچھی نے وزیرِ اعلیٰ اور وزیر خزانہ سے اپیل کی ہے کہ جموں و کشمیر کے اسمبلی کے بجٹ 2018میں جموں و کشمیر کی گوجر بکروال آبادی والے علاقوں کی تعمیرو ترقی کے لئے خصوصی فنڈ رکھے جائیں تاکہ طبقہ کو زندگی کی بنیادی سہولیات فراہم ہوسکیں ۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے گوجر بکروال طبقہ کے لوگ زیادہ تر پہاڑوں کے دامن اور جنگلوںکے نزدیک یا دور ا فتادہ علاقوں میں ہندوستان و پاکستان کی سرحد پر واقع علاقوں میں آباد ہیں اور گوجر بکروال آبادی والے تمام علاقوں میں رابطہ سڑکوں،طبی سہولیات ، بجلی، پانی اورتعلیم اور راشن وغیرہ کی کمی کاسامناہے جس وجہ سے لوگوں کو سخت مشکلات درپیش رہتی ہیں ۔ شمشیر ہکلہ پونچھی نے کہا کہ جموں و کشمیر ریاست کے گوجر بکروال طبقہ کی تہذیب و تمدن ، زبان و ادب اور مسائل و مشکلات ریاست میں آباد یگر طبقوں سے بالکل الگ اور مختلف قسم کے ہیں اور گوجر بکروال طبقہ کی اپنی الگ پہچان ہے۔ ہکلہ نے کہا کہ 2018 کے مالی بجٹ میں گوجر بکروال طبقہ کی آبادی والے علاقوں میں رابطہ سڑکیں بنانے اور دیگر سہولیات کی فراہمی کیلئے خصوصی فنڈز متعین رکھے جائیں تاکہ اس طبقہ کی ترقی یقینی بن سکے ۔