سرینگر //محکمہ موسمیات نے وادی کے بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری اور کچھ ایک علاقوں میں معمولی بارشیں ہونے کی پیشگوئی کی ہے ۔محکمہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر مختار احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ تازہ مغربی ہوائیںریاست میں داخل ہوکر موسم پر اثر انداز ہونے والی ہیں جس کے نتیجے میں منگل اور بدھ کی رات سے موسم میں تبدیلی کا امکان ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس موسمی تبدیلی کے نتیجے میں ریاست کے شمالی علاقوں میں بیشتر مقامات پر ہلکے سے درمیانہ درجے کی برفباری اور بارشوں کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج اور کل کچھ کچھ پہاڑوں پر برف باری اور میدانی علاقوں میں بارشیں ہوں گی ۔انہوں نے کہا کہ شہر میں برف باری کا کوئی امکان نہیں ہے تاہم ہلکی بارش ہو سکتی ہے ۔معلوم رہے کہ وادی میں منگل کو وادی میں موسم ابرآلودہ رہا اور بیچ بیچ میں ٹھنڈی ہوائیں بھی چلتی رہیں ۔ترجمان نے بتایا کہ منگل اور بدھ کی درمیانی رات کو اگرچہ وادی بھر میں کم سے کم درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے رہا تاہم گذشتہ رات کے مقابلے میں منگل اور بدھ کی درمیانی رات درجہ حرارت میں معمولی بہتری آئی ۔ترجمان کے مطابق جہاں گذشتہ رات کو سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.2ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا تھا تاہم منگل اور بدھ کی درمیانی رات کو یہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.6ڈگری سلسیش ریکارڈ گیا گیا ۔قاضی گنڈ میں منفی 3.0پہلگام میں منفی 4.9،کپوارہ میں منفی3.4،گلمرگ میں منفی4.4کوکرناگ میں منفی1.6 ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا جبکہ لداخ خطہ مسلسل سردی کی لپیٹ میں ہے اور وہاں کم سے کم درجہ حرارت میں مزید گراوٹ دیکھنے کو ملی ہے ، لیہہ میں منفی 12.7،اور کرگل میں 15.4ڈگری سلسیش ریکارڈ گیا گیا ۔