جموں//گورنر این این ووہرا نے جنرل زوراور سنگھ آڈیٹوریم میں محکمہ خوراک ، شہری رسدات اور امورصارفین کی طرف سے قومی صارفین دن کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں شرکت کی ۔ گورنر نے اس موقعہ پر صارفین کے حقوق کو تحفظ دینے کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ امور صارفین کو تمام راشن کارڈوں کو آدھار کے ساتھ ایک مقررہ مدت کے اندر اندر جوڑنے کے عمل کو پورا کرنا چاہئیے ۔ انہوں نے راشن کی سکیل میں معقولیت لانے کی بھی ضرورت پر زور دیا تا کہ صارفین کو کسی قسم کی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ گورنر نے محکمہ امورصارفین کی 97 فیصد ڈیزٹائیزیشن کرنے کیلئے خوراک و امور صارفین کے وزیر چودھری ذوالفقار علی اور متعلقہ محکمے کی تعریف کی ۔ گورنر نے کہا کہ ایک ایسا نظام وجود میں لایا جانا چاہیئے جس کی رو سے عوامی تقسیم کاری نظام میں لوگوں کی شرکت یقینی بن سکے ۔ انہوں نے محکمہ میں ہر سطح پر شفافیت اور جوابدہی لانے کی ضرورت پر زور دیا تا کہ ریاست کے 1.19 کروڑ مستحقین کو بلا کسی طوالت کے خدمات دستیاب ہو سکیں ۔ گورنر نے اس موقعہ پر طالبات کی طرف سے پیش کئے گئے ثقافتی پروگرام کی تعریف کی ۔ اس موقعہ پر خوراک و امور صارفین کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ نے لوگوں کی بہبود کیلئے کئی اختراعی اقدامات شروع کئے ہیں ۔انہوں نے لوگوں پر زوردیا کہ وہ اپنے حقوق کی پاسداری کیلئے قانون کا بھر پور استعمال کریں ۔ گورنر نے اس موقعہ پر ’’ ٹو ورڈس ڈیجٹل ریولیوشن ‘‘ نامی اشاعت اور محکمہ امور صارفین کے سالانہ رپورٹ اور نئے سال کء کلینڈر کو بھی جاری کیا ۔ اس موقعہ پر وزیر مملکت اجے نندا بھی موجود تھے ۔