سرینگر// کشمیر یونیورسٹی کے ذریعہ گورنمنٹ میڈیکل کالج میں بی ایس سی نرسنگ کورس کر رہے طلاب نے سنیچر کو پریس کالونی سرینگر میں احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے فسٹ ائر کے امتحانات کے نتائج کا فوری اعلان کرنے کا مطالبہ کیا ۔نعرے بلند کرتے ہوئے طلاب کی بڑی تعداد نے معاملے کی نسبت کشمیر یونیورسٹی کے وائس چانسلر سے ذاتی طور مداخلت کی درخواست کی ۔احتجاجی طلاب نے بتایا ’’ہم کشمیر یونیورسٹی کے زریعہ گورنمنٹ میڈیکل کالج میں بی ایس سی نرسنگ کاکورس کر رہے ہیں اور 7ماہ قبل امتحانات منعقد ہوئے ہیں تاہم ابھی تک نتائج کا اعلان نہیں کیا گیا ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا ہے کہ گورنمنٹ میڈیکل کالج کی جانب سے لئے گئے ایکس ٹرنل پریکٹیکل امتحان کی مارک شیٹ یونیورسٹی حکام سے کہیں کھوگئی ہے جس کی وجہ سے امتحانات کے نتائج کے اعلان میں تاخیر ہورہی ہے ۔احتجاجی طلباء کا کہنا تھا کہ پریکٹیکل امتحانات جی ایم سی نے منعقد کئے جس کی مارک شیٹ باضابطہ طور پر کشمیر یونیورسٹی کو بھیج دی گئی ہے ۔تاہم کشمیر یونیورسٹی حکام یہ دعوی کر رہے ہیں کہ مارکس شیٹ کہیں کھو گئی ہے اور وہ جی ایم سی سے اس حوالے سے رابطہ کریں گے ۔انہوں نے مزید کہا کہ جی ایم سی نے یونیورسٹی حکام سے اس حوالے تحریری طور پر ایک درخواست دینے کو کہا ہے جس کے لئے کشمیر یونیورسٹی حکام تیار نہیں ہیں ۔طلباء کے مطابق جی ایم سی اور کشمیر یونیورسٹی کے درمیان معاملہ کی نسبت جھگڑے سے امتحانات کے نتائج کے اعلان میں مزید تاخیر ہورہی ہے اور اگر یہ معاملہ فوری طور حل نہیں کیا گیا تو4سال کا کورس کہیں 6سال کے کورس میں تبدیل نہ ہو جائے گا ۔