سرینگر/ /لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک نے کہا ہے کہ الیکشن خواہ وہ اسمبلی کیلئے ہوں کہ پارلیمنٹ کیلئے،پنچایت کے نام پر ہوں کہ میونسپل کمیٹیوں کے نام پر‘ کا اصل مقصد کشمیر پر بھارتی تسلط کو دوام بخشنا ہے اور لازم ہے کہ ہم اس عمل کا بائیکاٹ کریں۔ملک نے کہا کہ جموں کشمیر کے لوگ ایک مقدس تحریک چلارہے ہیں، یہ جدوجہد ہمارے مستقبل کے تعین و تعمیر کی جدوجہد ہے، ہم نے بے شمار قربانیاں دی ہیں اور آج تک یہ سلسلہ جاری ہے،مسئلہ جموں کشمیر ایک زندہ و پائندہ حقیقت ہے جس کو حل کئے بغیر برصغیر ہند وپاک میں پائیدار امن و استحکام کی کوئی ضمانت فراہم نہیں کی جاسکتی ۔ یہ مسئلہ کروڑوں کشمیریوں کے مستقبل کی تعمیر و تعین کا مسئلہ ہے اور اسے حل کرنے کیلئے ضروری ہے کہ بھارت و پاکستان اور اقوام عالم کشمیریوں کی مالکانہ اورفریقانہ حیثیت کو قبول کریں اور کشمیریوں کو حق خودارادیت دے کر اپنے مستقبل کے تعین کا حق دیں۔سرائے بالا میں تقریر کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہم نے اپنے اسلاف کی نسبت کو نظر انداز کرکے اپنے لئے ان گنت مصیبتیں مول لی ہیں۔اگر ہمیں اپنی تکالیف ،مصائب، آلام اور تنگ دامنیوں سے نجات پانی ہے تو ہمیں اپنے اسلاف اور بزرگوں کی حیات طیبہ کو اپنانے کی کاوشیں کرنا ہونگی ۔ شیخ سید عبدالقادر جیلانی ؒ کی سیرت پاک کا حوالہ دیتے ہوئے ملک نے کہا کہ پیران پیر ؒنے مسلمانوں کی علمی ،روحانی، سماجی اور الغرض زندگی کے ہر شعبے میں قیادت و سیادت کی۔ لیکن ہم نے اپنے ان روحانی بزرگوں کے فرمودات کو یکسر نظر انداز کیا اور اپنے لئے ذلت،گمراہی اور تباہ حالی مول لے لی ہے۔اُنہوں نے فروعی مسائل میں اختلاف کو کبھی بھی دین وایمان کا جھگڑا نہیں بنایا تھا۔