سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے کل آفیسران کی ایک میٹنگ میں شہر سرینگر میں بلا اجازت تعمیرات کو ضوابط کے تحت لانے اوردرخواست دہندگان کی درخواستوں کاجائزہ لینے کیلئے بااختیار کمیٹی کی تشکیل کاجائزہ لیا۔اس موقعہ پر ایس آر او 391کے تحت بغیر اجازت تعمیراتی سرگرمیوں کو باقاعدہ بنانے کے سلسلے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ترقیاتی کمشنر نے ایس ڈی اے اور ایس ایم سی کو مستحق افراد سے درخواستیں طلب کرنے کی ہدایات دیں۔انہوں نے آفیسران سے کہا کہ شہر سرینگر کو چارزونوں اے بی سی اورڈی میں تقسیم کیاجائے گا تاکہ بلا اجازت تعمیرات کو شفافیت کے ساتھ باقاعدہ بنایاجاسکے۔صوبائی کمشنر منظوری سے پہلے تمام معاملات کا ازخود جائزہ لیں گے۔اس موقعہ پر صوبائی کمشنر نے کہا کہ ضلع انتظامیہ کی باضابطہ اجازت کے بغیر شہر سرینگر میں کسی نئی کالونی کے قیام کی اجازت نہیںدی جائے گی۔صوبائی کمشنر نے اس حکمنامے پر من وعن عملدرآمد کے لئے آفیسروں کو خصوصی ہدایت دی۔میٹنگ میں سرینگر اور بڈگام کے ترقیاتی کمشنروں کے علاوہ اے ڈی سی گاندربل ،ڈی آئی جی سینٹرل ،وی سی ایس ڈی اے ،وی سی لائوڈا،کمشنر ایس ایم سی،ٹائون پلانر اور مختلف محکمو ں کے ایگزیکٹیو انجینئروں کے علاوہ دیگر آفیسران بھی موجود تھے۔