سرینگر// نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور کارگذار صدر عمر عبداللہ نے وادی کے معروف تاجر اور ممتاز سماجی شخصیت حاجی غلام حسن شاہ گانی (ایشان صاحبؒ زینہ کدل حال راجباغ سرینگر) کے انتقال پُر ملال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ دونوں لیڈران نے اس سانحہ ارتحال پر مرحوم کے جملہ سوگوران خصوصاً مرحوم کے فرزند مظفر احمد جان گانی کیساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ مرحوم غلام حسن گانی کو اللہ نے اخلاقِ حمیدہ اور تاجرانہ صلاحیت عطا کی تھیں۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر ، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی اور سینئر لیڈر و ایم ایل اے عید گاہ مبارک گل نے بھی تعزیت کا اظہار کیاہے۔ ادھرجمعیت ہمدانیہ کے سربراہ مولانا مولوی ریاض احمد ہمدانی نے اس سانحہ ارتحال پر مرحوم کے جملہ سوگوران، اہل خانہ خصوصاً اُن کے فرزند مظفر احمد جان کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے اُن کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔ یاد رہے مرحوم گانی جمعیت ہمدانیہ کے بانی رہنمائوں میں تھے۔ اس کے ساتھ ساتھ مرحوم غلام حسن گانی خانقاہِ معلی بانی اسلام کشمیر میر سید علی ہمدانیؒ کے تحویلدار رہے اور اس خانقاہِ کی تعمیر و تجدید میں مشکل ترین دور میں اہم رول ادا کیا اور ساتھ ہی زیارت حضرت ایشان شیخ یعقوب صرفیؒ کی تعمیر نو میں بھی بحیثیت صدر اہم رول ادا کیا۔یاد رہے حاجی غلام حسن گانی منگلوار کو اس دارِ فانی سے کوچ کرگئے اور اُن کا نمازِ جنازہ آج خانقاہِ معلی میں ادا کیا گیا جس کی پیشوائی خانقاہِ معلی کے امام حیٰ امام غلام محمد ہمدانی نے کی۔ نمازِ جنازہ میں شہر ممتاز تاجر، علمائے کرام، اراکینِ جمعیت ہمدانیہ، خدامانِ زیارت شاہ ہمدانؒ خصوصاً سجادہ نشین درگارہِ خانقاہِ معلی پیرزادہ الحاج عبدالرشید شافی نے شرکت کی۔