نیو یارک//امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکی کے بعد اقوامِ متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ ڈالروں کے لیے نہیں بلکہ اصولوں کی بنیاد پر لڑی ہے۔نیو یارک میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی مندوب کا کہنا تھا کہ امریکا دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کرے اور یہ اعتراف نہیں کیا گیا تو امریکا کے ساتھ تعاون کی پالیسی میں تبدیلی پر غور کیا جاسکتا ہے۔ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا کہ انسدادِ دہشت گردی میں پاکستان نے سب سے زیادہ آپریشن کیے اور قربانیاں دیں۔اس سے قبل اقوامِ متحدہ میں امریکی سفیر نکی ہیلی نے کہا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستان کی امداد روکنے کا فیصلہ اقوامِ متحدہ میں یروشلم کے معاملے پر ووٹ دینے سے نہیں بلکہ دہشتگردوں کو اپنے ملک میں مبینہ محفوظ پناہ گاہیں دینے سے ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ ’دوہرا کھیل‘ کھیل رہا ہے اور وہ دہشتگردوں کو پناہ دیتا ہے، جو افغانستان میں امریکی فوجیوں پر حملہ کرتے ہیں۔