جموں//انفارمیشن ٹیکنالوجی، تکنیکی تعلیم اور امور نوجوان و کھیل کود کے وزیر عمران رضا انصاری نے مفتی محمدگولڈ کپ لیگ مرحلہ اول کے فاتحین کی حوصلہ افزائی کی اور جی جی ایم سائنس کالج میں منعقدہ ٹورنامنٹ کے دوسرے مرحلہ کی شروعات کا اعلان کیا۔شاہین کلب نے ٹورنامنٹ جیت لیا۔ فائنل میچ جموں یونائٹیڈ اور شاہین کلب کے درمیان کھیلا گیا۔ جموں صوبہ کی16 ٹیموں نے پہلت مرحلے میں شرکت کی۔ اس ایونٹ کا انعقاد جے اینڈ کے فٹبال ایسوسی ایشن نے جے اینڈ کے سٹیٹ سپورٹس کونسل کے اشتراک سے کہا تھا۔ڈی جی پی، ایس پی وید، کمشنر سیکرٹری یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس ہلال احمد پرے، سیکرٹری سپورٹس کونسل وحید الرحمان پرہ، ڈائریکٹر یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس شیخ فیاض احمد، آئی جی پی جموں ایس ڈی سنگھ، پریذیڈنٹ جے کے ایف اے ضمیر احمد ٹھاکر اور دیگر سنیئر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ مرحوم مفتی محمد سعید ایک پُر وقار شخصیت کے مالک تھے جنہوں نے اپنی کاوشوں سے لوگوں کے دلوں کو جوڑے رکھا اور نوجوانوں کو ریاست کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا رول ادا کرنے کی کامیاب کوششیں انجام دیں۔وزیر نے کہا کہ مرحوم لیڈر نے اپنے دور حکومت میں ریاست میں کھیل کود کے بنیادی ڈھانچے کو استحکام بخشنے کی تمام تر کوششیں عمل میں لائیں تا کہ ریاست کے نوجوان کھیل کود میں بھرپور حصہ لیں۔ایس پی وید نے بھی اس موقعہ پر خطاب کیا۔بعد میں وزیر موصوف نے ٹورنامنٹ کے فاتحین کو انعامات سے نوازا اور کھلاڑیوں میں کھیل کود کا سامان بھی تقسیم کیا۔