نئی دہلی//مہاراشٹر میں دلت مخالف تشدد کی سخت مذمت کرتے ہوئے کانگریس نے کہا کہ حکومت پارلیمنٹ میں اپوزیشن کی آواز دبا رہی ہے ۔ کانگریس کے سینئر لیڈر اور راجیہ سبھا میں حزب اختلاف کے رہنما غلام نبی آزاد نے یہاں پارلیمنٹ کے احاطے میں نامہ نگاروں سے بات چیت میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر دلت مخالف ہونے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ مرکز میں ساڑھے تین سال پہلے اس کے اقتدار میں آنے کے بعد سے دلتوں پر ظلم بڑھتا جا رہا ہے ۔ حکومت پر پارلیمنٹ میں اپوزیشن کی آواز دبانے کا الزام لگاتے ہوئے مسٹر غلام نبی آزاد نے کہا کہ راجیہ سبھا میں اپوزیشن دلتوں پر مظالم کے معاملے پر بحث کرانا چاہتا تھا۔ اپوزیشن مہاراشٹر میں دلت مخالف تشدد کا معاملہ اٹھانا چاہتا تھا لیکن اس کی اجازت نہیں دی گئی۔ اس معاملے پر ایوان کی کارروائی کو ملتوی کرنے کی اجازت نہیں دی گئی جس سے اپوزیشن کی آواز عوام تک نہیں پہنچ سکی۔ وقفے سے پہلے راجیہ سبھا کی کارروائی مہاراشٹر میں دلت مخالف تشدد کے معاملے پر ہنگامہ کی وجہ سے دو بار ملتوی کی گئی۔