جموں//سیاحت کی وزیر مملکت پریا سیٹھی نے کہا ہے کہ حکومت بھدرواہ میں سیاحتی اہمیت کے مقامات کو بڑھاوا دینے کی طرف بھی توجہ مرکوز کر رہی ہے ۔ وہ دلیپ سنگھ پریہار کی طرف سے پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دے رہیں تھیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پُل ڈوڈہ ، گندھوہ اور بھلیسہ کو بھی سیاحتی نقشے پر لایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی سرکار نے پُل ڈوڈہ میں بغلیار ڈیم پر واٹر سپورٹس سنٹر قایم کرنے کیلئے 2.98 کروڑ روپے کا ایک پروجیکٹ منظور کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھدرواہ کے گھٹھا، سرناہ ، تیلی گڑھ ، سنگلی ، نلفی ، پدری ٹاپ اور جئے کو بھی بڑے پیمانے پر سیاحتی اعتبار سے فروغ دیا جا رہا ہے اور وہاں سہولیات قایم کی جا رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بھدرواہ حلقے میں 1.20 کروڑ روپے کے سیاحتی پروجیکٹ مکمل کئے گئے ہیں جبکہ 709.41 لاکھ روپے کی لاگت والے پروجیکٹ تکمیل کے آخری مرحلے میں ہیں ۔ پریا سیٹھی نے کہا کہ حکومت نے چھتر گالہ ، چھاتری ، گردانہ ، ہانگا نوری ، تتھیندرا ، پال پدری ، نگلوتن ، مہلواردنڈ ، گشیر ، کانتی ، گار ، چرالہ ، جنترندھار ، راجگوتھاور شوسدھار جیسے علاقوں میں سیاحتی وسائل کو بروئے کار لانے کیلئے بھی اقدامات اٹھا رہی ہے ۔