کپوارہ//کپوارہ کے بالائی علاقوں میں بھاری برف باری کے وجہ سے چوکی بل کرناہ شاہراہ پر دو الگ الگ مقامات پر خونی نالہ کے نزدیک پسیا ں گر آنے کے نتیجے میں ایک سومو گاڑی اور پیدل سفر کرنیوالے زندہ دب گئے جس کے نتیجے میں 9مسافر لاپتہ ہیں تاہم ایک 10سالہ بچے کو زندہ نکالا گیا۔علاقے میں گہرے دھند کی وجہ سے بچائو کارروائیوں میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔ایک اور واقعہ میں بیکن کی گاڑی بھی برفانی تودے کی زد میں آگئی اور ایک اہلکار شدید زخمی ہوا۔جمعہ کی سہ پہرکپوارہ کرناہ شاہراہ پر دو الگ الگ مقامات پر پسیا ں گرآئیں۔پہلے واقعہ میںکپوارہ سے کرناہ جارہی ایک مسافر سو مو گا ڑی زیر نمبرJK09A/3249، جسمیں 7مسافر سوار تھے ،خونی نالہ نستہ چھن گلی کے نزدیک پسیا ں گر آ نے کے نتیجے میں دب گئی اور ایک گہرے نالہ میں جا گری۔لاپتہ مسافر جمعہ کی شام دیر گئے تک لاپتہ تھے۔اسی شاہراہ پر سڑک بند ہونے کی وجہ سے3مسافر جن میں ایک 10سالہ بچہ بھی تھا ،پیدل سفر پر نکلے تاہم بر فانی تودے گر آنے کے نتیجے میںتینو ں دب گئے جس کے بعد 10سالہ بچہ کو زندہ نکالا گیاجس کی شناخت ننھا ولد نصیر احمد پرے ساکن سلیمان ٹنگڈارکے بطور ہوئی اور دو دیگر لاپتہ ہیں۔ادھر ایک اور برفانی تودے کی زد میں ایک بیکن گا ڑی بھی آگئی جسمیں ایک اہلکار ایم پی سنگھ 109RCCسے تعلق رکھنے والا شدید طور زخمی ہواہے۔اطلاع ملنے کے بعد کرالہ پورہ پولیس تھانہ کی ایک ٹیم بچائو کارروائی ٹیم جائے واردات کی طرف روانہ ہوئی ہے۔ایس ایچ او کرالہ پورہ جو جائے واردات پر موجود ہیں، نے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا کہ موسم کی خرابی اور گہرے دھند کی وجہ سے بچائو کارروائی میں مشکلات پیش آرہی ہیں اور ابھی تک مسافر گا ڑی کا کوئی اتہ پتہ نہیں ہے لیکن ایک 10سالہ بچہ کو بر فانی تودے کے نیچے پر آ مد کیا جس کو فوری طور اسپتال روانہ کیا گیا ۔اس دوران ضلع کے بالائی علاقوں میں سہ پہر تک 8سے 9انچ برف جمع ہوئی تھی جبکہ بنگس وادی ،نستہ چھن گلی ( سادھنا ٹاپ)،فرکیا ں گلی اور مژھل کی زیڈ گلی پر بھاری برف باری جمع ہونے کی اطلاعات مو صول ہوئی ہیں جس کی وجہ سے سر حدی علاقوں کو جانے والی سڑکو ں کو گا ڑیو ں کی آمد و رفت کے لئے بند کیا گیا ہے ۔دریں اثنائوادی میں سخت اور یک بستہ ہوائوں کی لہر کے بیچ سرینگر میں درجہ حرارت گر کر منفی سے4ڈگری سیلشیس نیچے گرگیا ہے۔گلمرگ اور پہلگام میں معمولی برفباری ہوئی جبکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ48گھنٹوں کے دوران پہاڑی علاقوں میں ہلکی بارشوں اور برفباری کا امکان ظاہر کیا ہے۔کنگن سے غلام نبی رینہ کے مطابق جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات سونہ مرگ ،زوجیلا، گمری، کلن،گگن گیر، گنڈ میں ہلکی برف باری ہوئی ، جس کی وجہ سے ایک مرتبہ پھر شدید سردی کی لہر میں اضافہ ہوگیا ۔ جمعہ کے روز بھی سونہ مرگ، زوجیلا، میں وقفے وقفے سے ہلکی برفباری کا سلسلہ جاری تھا۔مشتاق الحسن کے مطابق گلمرگ میں مطلع ابرآلود رہنے کے ساتھ ہی دوپہر کو تازہ برف باری کا سلسلہ شروع ہوا جبکہ بابا ریشی اور ٹنگمرگ میں بھی ہلکی برف باری دوپہر سے جاری تھی۔ گلمرگ افروٹ پھاڑوںپر قریب 3 انچ تازہ برف باری ریکارڈ کی گئی۔محمد تسکین کے مطابق جمعرات کی رات بانہال کے پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہوئی۔ برفباری کی وجہ سے رام بن اور بانہال کے علاقوں میں سردی کی سخت لہر پائی جارہی ہے۔ جمعہ کی صبح تک ہلکی بارشوں اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کی وجہ سے پورے ضلع رام بن میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ۔دریں اثناء ڈیزاسٹر مینجمنٹ، ریلیفو باز آبد کاری اور بحالی کے وزیر جاوید مصطفیٰ میر نے ہدایت دی ہے کہ خراب موسم کی پیش گوئی کے دوران پر خطرہ سڑکوں پر ٹریفک کی نقل و حرکت روک دی جانی چاہئے ۔انہوں نے صوبائیکمشنر کشمیر بصیر احمد خان سے کہا کہ وہ کرناہ میں برف کے تودے کی زد میں آنے والی گاڑیوں کے بعد فوج ،پولیس اور ایس ڈی آر ایف کی طرف سے شروع کی گئی بچائو کارروئی کی نگرانی کریں ۔انہوں نے یہ ہدایت بھی دی کہ اس حادثہ میں زخمی ہوئے افراد کو مناسب طبی امدا د فراہم کی جائے ۔