پلوامہ //کریم آباد پلوامہ میں کریک ڈائون کے دوران ایک بار پھر جھڑپیں ہوئیں جبکہ لتر اور بجبہاڑہ میں بھی گھر گھر تلاشی کارروائی انجام دی گئی۔ایس او جی ، فوج کی55آر آر اوراور سی آر پی ایف183بٹالین سے وابستہ اہلکاروں نے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات قریب3بجے کریم آباد گائوںکو گھیرے میں لیا۔جونہی فورسز اہلکاروں نے جنگجوئوں کی تلاش میں گھر گھر تلاشی کا آغاز کیا تو لوگ گھروں سے باہر آکر احتجاج کرنے لگے ،انہوں نے فورسز کو تلاشی لینے سے روک دیا اور دیکھتے ہی دیکھتے لوگوں کا ہجوم سڑکوں پر امڈ آیا۔ فورسز نے جب انہیں منتشر کرنے کی کوشش کی تو لوگ مشتعل ہوئے اور انہوں نے پتھرائو کیا۔ مظاہرین کو تتر بتر کرنے کیلئے پہلے لاٹھی چارج کیا گیا اور اشک آور گیس کے گولے داغے گئے ۔طرفین کے مابین جھڑپوں کا سلسلہ صبح6بجے تک جاری رہا ۔پلوامہ ہی لتر راجپورہ علاقے میں بھی جمعہ علی الصبح 5بجے جنگجوئوں کی موجودگی کے بارے میں اطلاع ملتے ہی فورسز نے تلاشی کارروائی کا آغاز کیا۔پولیس، فوج اور نیم فوجی دستوں نے علاقے کو گھیرے میں لیکر گھر گھر تلاشی لی جو صبح10بجے تک جاری رہی، تاہم فورسز کا جنگجوئوں کے ساتھ آمنا سامنا نہیں ہوا اور کارروائی پر امن طور اختتام کو پہنچ گئی۔دریں اثناء جمعہ کی صبح ہی پولیس اور فورسز کی بھاری نفری نے بجبہاڑہ کے جبلی پورہ نامی گائوں میں جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا۔ لیکن انہیں جنگجوئوں کا کوئی سراغ نہیں ملا۔