سرینگر //امریکہ کی طرف سے پاکستان کی معاونت بند کئے جانے کو درپردہ رحمت قرار دیتے ہوئے دختران ملت کی سربراہ سیدہ آسیہ اندرابی نے پاکستان کی حکومت اور فوج پر زور دیا ہے کہ وہ امریکہ سے اتحاد کو ختم کردے۔انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان۔کیلئے ایک سنہری موقع ہے کہ امریکہ خود اس اتحاد سے پیچھے ہٹ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسے مواقع بار بار نہیں آتے،یہ پاکستان کیلئے سنہری موقع ہے کہ وہ اپنے پاوں پر کھڑے ہو اور اپنی معیشت کو مضبوط کرے۔اندرابی نے کہا کہ پاکستان کوسمجھنا چاہئے کہ وہ امت کی امیدوں کا مرکز ہے۔اسلئے اگر پاکستان امریکہ جیسے ممالک سے آس لگاتا ہے تو وہ دوسرے مظلوم مسلم ممالک کی مدد کیسے کرسکتا ہے جبکہ اس کی خود کا وجود خطرے میں ہے۔انہوںنے کہا کہ یہ بات عیاں ہے کہ امریکہ پاکستان کا بدترین دشمن رہا ہے اس لئے پاکستانی حکومت کو بھی چاہئے کہ وہ دیکھے کہ امریکی امداد کے بغیر وہ کس طرح اپنی معیشت کومضبوط کر سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں پاکستان سے اپیل کرتی ہوں کہ وہ امریکہ سے ہر اشتراک کو ختم کرے تاکہ ایک دن ایسا آئے کہ پاکستان دیگر ممالک کی امداد کر سکے۔