سرینگر//حریت (گ)، پیپلز لیگ ،لبریشن فرنٹ (آر) اور پیروان ولایت نے 6جنوری1993 کو سانحہ سوپور میں جاں بحق ہوئے افراد کو خراج عقیدت اور ان کے لواحقین سے یکجہتی کا اظہارکیا ہے۔حریت (گ)کے صدر دفتر پراس سلسلے میں سنیچر کو جنرل سیکریٹری حاجی غلام نبی سمجھی کی صدارت میں ایک دعائیہ مجلس منعقد ہوئی جس میں حکیم عبدالرشید، محمد یوسف نقاش، سید محمد شفیع، محمد یوسف مجاہد اور دیگر اراکین حریت نے شرکت کی۔ مجلس میں قائدین نے کہاکہ سانحہ سوپورکے متاثرین آج تک انصاف کیلئے پوری دنیا کے انصاف پسندوں کی جانب دیکھ رہے ہیں، بالکل اسی طرح جس طرح گاؤکدل، بجبہاڑہ، زکورہ اور دیگر مقامات پر آج بھی لہو کے فوارے نظر آرہے ہیں، لیکن قاتل نہ صرف آزاد پھررہے ہیں بلکہ انہیں تمغوں سے نوازا جارہا ہے۔ قائدین نے محمد مقبول صوفی کے فرزند کے نامعلوم ہاتھوں قتل اور شیخ عبدالعزیز کی ہمشیرہ کے انتقال پر بھی پسماندگان سے تعزیت وہمدردی کا اظہار کیا۔ پیپلز لیگ کے محبوس چیئرمین غلام محمد خان سوپوری نے کٹھوعہ جیل سے ایک پیغام میںخراج عقیدت اور ان کے لواحقین سے یکجہتی اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ 6جنوری 1993 تاریخ کا وہ سیاہ دن ہے جب فورسز اہلکاروں نے صبح سویرے قصبہ سوپور میں خون کی ہولی کھیل کر 60 عام شہریوں کوقتل کیا اور 350 مکانوں اور دکانوں کو راکھ کے ڈھیر میں تبدیل کر کے نئے سال کا انوکھا تحفہ پیش کیا۔ پیپلز یگ کے ایک اور دھڑے کے ترجمان حمید الٰہی نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج سے 24سال قبل کشمیر کی تاریخ میں سانحہ سوپور رقم کرکے ایک سیاہ باب رقم کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ فورسز نے حول ، گائو کدل ، چھٹی سنگھ پورہ ، بیجبہاڑہ ، میں بھی ایسے خونین واقعات دہرائے ہیںجن سے انسانیت کانپ اٹھتی ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ مسئلہ کشمیر کے مستقل اور دائمی حل کیلئے سنجیدہ اور مؤثر اقدامات کریں۔لبریشن فرنٹ (آر) کے جنرل سیکریٹری وجاہت بشیر قریشی نے سوپور سانحہ میںجاں بحق ہوئے شہریوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم ان کی بیش بہا اور شاندار قربانیوں کے لئے انہیں کبھی بھول نہیںسکتے‘‘۔ ایک بیان میں قریشی نے اس سانحہ کو تاریخ کشمیر کا ایک ہولناک اور بدقسمت واقع قرار دیتے ہوئے کہا کہ عرصہ دراز گزرنے کے باوجود بھی آج تک اس دلدوز سانحہ میں ملوث کسی اہلکار کو سزا دی گئی اور نہ انہیں کسی محاسبہ کا سامنا کرنا پڑا ۔انہوں نے ایمنسٹی انٹرنیشنل اور عالمی برادری سے اپیل کی کہ ریاست میں آج تک سبھی خونریز واقعات کی تحقیقات کی جائے ۔ پیروان ولایت کے ترجمان اعلیٰ نے کہا کہ سوپور سانحہ تاریخ کا ایک وحشت ناک باب ہے جس میں فوج نے چنگیزیت کی روایت اپناتے ہوئے بے گناہ کشمیریوں کو خاک و خون میں نہلایا۔